پرانے شہر کی خبریں - old city news 25 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-25

پرانے شہر کی خبریں - old city news 25 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-25

اعتماد نیوز
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام دارالسلام میں 11/ اور 12/ ربیع الاول کی شب منعقد ہونے والے عظیم الشان اجتماعات "جلسہ رحمۃ اللعالمین" اور "کل ہند نعتیہ مشاعرہ" کی استقبالیہ کمیٹی کا اجلاس 24/ نومبر بروز اتوار دارالسلام میں منعقد ہوا۔
قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی اکبر الدین اویسی نے بتایا کہ مجلس کی جانب سے ہر سال جلسہ رحمۃ اللعالمین اور کل ہند نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد جو عمل میں لایا جاتا ہے اس کی بنیاد مولانا عبدالواحد اویسی نے ڈالی تھی اور سلطان صلاح الدین اویسی کے بعد بیرسٹر اسد الدین اویسی کی نگرانی میں اس جلسہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ الحمدللہ ہر سال میلاد کا یہ جلسہ تاریخی اہمیت کا حامل ہوتا جا رہا ہے جس میں ریاست کے مختلف اضلاع سے ہی نہیں بلکہ مختلف ریاستوں کے مسلمان بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔
اکبر الدین اویسی نے مجلس کے ارکان مقننہ ، کارپوریٹرس ، صدور و معتمدین ابتدائی مجالس اور محبان مجلس کے کے ساتھ ساتھ تمام مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اس جلسہ کو بڑے پیمانے پر کامیاب بنائیں۔ صرف اس ایک جلسہ کے سلسلہ میں مجلس عامۃ المسلمین سے مالی اعانت کی اپیل کرتی ہے جس کا مقصد بنیادی طور پر اس عظیم و بامقصد جلسہ کے انعقاد میں سب کو شریک کرنا ہے۔
جناب احمد پاشا قادری نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کے زیر اہتمام جلسہ رحمۃ اللعالمین و نعتیہ مشاعرہ ، جمعۃ الوداع کے اجتماع کے بعد آندھرا پردیش کا سب سے بڑا اجتماع ہے جس کی خصوصیت یہ ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علماء خطاب کرتے ہیں۔ اضلاع اور پڑوسی ریاستوں کے مجلسی رفقاء کے دو روزہ قیام و طعام کا انتظام کیا جاتا ہے۔ کل ہند نعتیہ مشاعرہ کا ٹیلی کاسٹ "ای ٹی۔وی" کے ذریعے دنیا کے 52 ممالک میں پیش ہوتا ہے۔
جناب مقتدا افسر خان نے استقبالیہ کمیٹی کا صدر منتخب کیے جانے پر صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گذشتہ سال سے زیادہ شایان شان اور وسیع تر انتظامات بیرسٹر اویسی کی رہنمائی اور قیادت میں کیے جائیں گے۔

Prof. Mohammed Baig Ehsas
راست
پروفیسر بیگ احساس کی تدریسی و ادبی خدمات کے اعتراف میں شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد اور جشن بیگ احساس کمیٹی کے زیر اہتمام سہ روزہ تقاریب کا 28/ تا 30/ نومبر انعقاد عمل میں آ رہا ہے۔
افتتاحی تقریب 28/ نومبر کو 4 بجے شام آڈیٹوریم اسکول آف ہیومانیٹیز ، حیدرآباد یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوگی۔ پروفیسر راما کرشنا راما سوامی وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد افتتاح کریں گے۔ ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد پرو وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی مہمان اعزازی ہوں گے۔ پدم شری پروفیسر مجتبیٰ حسین صدارت کریں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈمی آندھرا پردیش مہمان خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر مظفر شہ میری صدر شعبہ اردو یونیورسٹی آف حیدرآباد خیر مقدم کریں گے۔
29/ نومبر کو 11 بجے دن سے سمینار بعنوان "بیگ احساس - فکر فن اور شخصیت" یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوگا۔ مختلف جامعات کے اساتذہ ، ادیب و شاعر ، ریسرچ اسکالرس اور شاگردان بیگ احساس مقالے پیش کریں گے۔
30/ نومبر کو شام 5 بجے نہرو آڈیٹوریم مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی میں سمینار کا اختتامی اجلاس ہوگا جس میں عمائدین شہر ، دیگر شہروں کے فنکار و دانشور تاثرات پیش کریں گے۔
جشن بیگ احساس کمیٹی نے تمام طلبا و طالبات ، ریسرچ اسکالرس و ادب دوستوں سے شرکت کی درخواست کی ہے۔

راست
سابق ریاست حیدرآباد دکن کے شیخ الاسلام اور اتالیق آصف سادس و سابع حضرت علامہ شاہ محمد انوار اللہ الفاروقی المخاطب بہ فضیلت جنگ ، موسس جامعہ نظامیہ کی انقلاب آفریں و عہد ساز شخصیت کے 100 سالہ یوم وصال کے موقع پر آپ کی ادبی ، لسانی ، تعلیمی ، دعوتی ، اصلاحی ، تصنیفی ، سماجی ، روحانی خدمات و کارناموں کا ایک جدید منظر نامہ تحقیق و تدوین کے مراحل میں ہے۔ دلچسپی رکھنے والے قدر شناسوں سے پرخلوص اپیل ہے کہ متعلقہ معلومات کے ضمن میں علامہ فضیلت جنگ کی شخصیت کے کسی بھی پہلو کے علاوہ آپ کے نامور تلامذہ ، خلفاء ، مستفیدین نیز جامعہ نظامیہ کی تاریخ کے نامور علماء ، فضلاء ، ادباء ، شعراء ، صحافی ، مدیران جرائد سابقہ و موجودہ کے حالات ، شجرات ، مقالات ، مجموعہ کلام ، ملی خدمات پر خانگی یا سرکاری اعزاز و ایوارڈ ، قومی یا بین الاقوامی سمینارز میں شرکت ، مقامات مقدسہ کی زیارت ، مسلم پرسنل لا بورڈ ، جامعات یا تصنیفی اداروں میں کارناموں سے متعلق کتب / مواد یا نقولات کی نشاندہی یا فراہمی کے لیے مرتب کتاب شاہ محمد فصیح الدین نظامی مہتمم کتب خانہ جامعہ نظامیہ ، شبلی گنج ، حیدرآباد - 500064 آندھرا پردیش پر بذریعہ ڈاک اطلاع دیں یا موبائل نمبر 00919848964123 پر ربط فرمائیں تو باعث تشکر ہوگا۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں