hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں 2013-nov-23 |
اعتماد نیوز
جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی کے ہاتھوں 22/نومبر کو حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے تحت اپوگوڑہ اور جنگم میٹ ڈیویژن کے استفادہ کنندگان میں راشن کارڈز اور وظائف کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر 360 راشن کارڈز اور تقریباً 150 وظائف تقسیم کیے گئے۔ دونوں ڈیویژن میں جملہ 560 راشن کارڈز اور 570 وظائف برائے بیوگان ، معذورین اور معمرین منظور کیے گئے تھے۔
اس موقع پر جناب اکبر اویسی کے ہاتھوں 15 خاندانوں کو بنڈلہ گوڑہ سروے نمبر 82 میں 15 مکانات کی ملکیت کے کاغذات بھی حوالے کیے گئے۔ لمرا کالونی جی ایم چھاؤنی میں واقع 15 مکانات نالے کی توسیع کے سلسلہ میں منہدم کر دئے گئے تھے جس کے معاوضے کے طور پر متبادل مکانات کی ملکیت کے کاغذات بھی متعلقین کے حوالے کیے گئے۔
گرانڈ فنکشن ہال نزد دردانہ ہوٹل کندیکل گیٹ روڈ میں منعقدہ رچہ بنڈہ تقریب میں عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔ جناب اکبر الدین اویسی نے اس موقع پر محکمہ سول سپلائز کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ پہلے قدیم راشن کارڈز پر مختلف بہانوں سے مسدود راشن کو بحال کریں اور اس کے بعد نئے راشن کارڈز درخواستو کی جلد از جلد تنقیح کر کے جاری کریں۔
قائد مجلس کی آمد سے قبل مصطفیٰ بیگ سلیم اور صمد بن عبدات نے پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام تک فلاحی اسکیمات کے فوائد کو پہنچانا اور ان کی خدمت کرنا مجلسی قائدین کا نصب العین ہے اور یہ قائدین عوامی مسائل کی یکسوئی میں ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں اور ان سے ملاقات یا کسی مسئلہ پر نمائندگی کے لیے ان تک پہنچنا نہایت آسان ہے۔
پریس ریلیز
قریشی لین یاقوت پورہ میں ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کے لیے معلومات اور رہنمائی کیمپ کا افتتاح ہفتہ 23/ نومبر کو 10 بجے دن متعلقہ کارپوریٹر جناب خواجہ بلال احمد کریں گے۔ جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ یاقوت پورہ میں فہرست رائے دہندگان 2014 کی جزوی نظرثانی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
18 سال کی عمر مکمل کر چکے یا یکم جنوری 2014 کو 18 سال کی تکمیل کرنے والے لڑکے اور لڑکیاں اپنے نام ووٹر لسٹ میں شامل کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارم نمبر 6 کی خانہ پری کرتے ہوئے داخل کریں اور ناموں میں اگر کوئی غلطی ہو تو درست کروانے کے لیے فارم نمبر 8 کی خانہ پری کریں اور پتہ کی تبدیلی کے لیے فارم 8A کی خانہ پری کی جائے۔ قریشی لین سے تمام فارم حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ آخری تاریخ 10/دسمبر ہے۔
پریس نوٹ
سالار جنگ میوزیم میں خمسہ مجالس عزاء 21/ تا 25/ محرم منعقد ہوں گی۔ اس موقع پر ایک خصوصی نمائش بعنوان "لکھنؤ کے امام باڑے" بھی آراستہ کی جائے گی جس کا افتتاح جناب ایم اے خان معزز رکن راجیہ سبھا 26/ نومبر کو 3 بجے دن کریں گے اور نواب احترام علی خان خانوادہ سالار جنگ افتتاحی تقریب کی صدارت کریں گے۔ جناب احمد علی صدر شعبہ مخطوطات کے بموجب اس نمائش میں نوابان اودھ کے تعمیر کردہ بڑا امام باڑہ اور چھوٹا امام باڑہ اور شہر لکھنؤ کے دیگر امام باڑوں کی عمارات اور تعزیوں کی تصاویر پہلی مرتبہ نمائش میں رکھی جائیں گی۔ حسب درآمد قدیم علم مبارک ایستادہ کیے جائیں گے۔ خمسہ مجالس میں ہر روز حیدرآباد کے مشہور و معروف ذاکرین مولانا سید حیدر زیدی ، مولانا سید خورشید حسن ، مولانا سید اکبر حسین رضوی ، علامہ اعجاز فرخ اور مولانا سید ضیا عباس نقوی خطاب کریں گے۔ 25/ محرم کو سواری علم مبارک اٹھائی جائے گی۔ ڈاکٹر اے ناگیندر ریڈی ڈائرکٹر سالار جنگ میوزیم نے شرکت کی خواہش کی ہے۔
Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں