کنیاکماری سے کشمیر تک روشنی میں نہا گیا ہندوستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-04

کنیاکماری سے کشمیر تک روشنی میں نہا گیا ہندوستان

دیوالی کے موقع پر پورا ملک رنگ برنگی روشنی میں نہا گیا ہے۔ گھروں میں روشنی کی جگمگاہٹ کے درمیان لوگ جوش و خروش کے ساتھ جشن منا رہے ہیں۔ کنیاکماری سے کشمیر تک ملک جشن میں ڈوبا ہے۔ اس خوشگوار موقع پر صدر جمہوریہ، وزیر اعظم اور نائب صدر نے ملک کے باشندوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ علی الصبح ہی سے لوگ اپنے گھروں کو دیوں اور رنگولی سے سجانے میں لگے تھے۔ لوگ اپنے رشتہ داروں ، پڑوسیوں کو مٹھائیاں اور تحفے دے کر اپنی خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کے صدر ممنون حسین نے بھی اپنے ملک کے ہندوؤں کو دیوالی کی مبارک باد دی اور کہا کہ ان کی حکومت اقلیتی فرقوں کی بہبود کے لئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے ایک پیغام میں کہا کہ اس موقع پر وہ دعا کرتے ہیں کہ تمام لوگوں کے لئے یہ تہوار زیادہ خوشی و مسرت کا باعث بنے۔

واہگہ سرحد پر ہندوستان اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بھی ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر دیوالی کی مبارکباد دی۔ نوجوان نسل سمیت کئی جانی مانی ہستیاں سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس فیس بک، ٹوئٹر پر بھی ایک دوسرے کو دیوالی کی مبارکباد دے رہی ہیں۔

امرتسر میں ہزاروں عقیدت مندوں نے طلائی مندر میں پوجا کی۔ طلائی مندر کو پرکشش طریقے سے سجایا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ دیوالی کے روز سن 1620 میں مغل بادشاہ جہانگیر نے سکھوں کے چھٹے گرو ہرگووند صاحب کو گوالیار کے قلعہ سے رہا کیا تھا۔ اتفاق سے اس دفعہ دیوالی کی تاریخ 1984 میں ہوئے سکھ مخالف فسادات کی تاریخ سے مل رہی تھی لیکن اکال تخت نے اعلان کیا کہ خاص انتظامات کے ساتھ عام طور سے دیوالی مروجہ طریقہ سے منائی جائے گی۔ طلائی مندر کی انتظامیہ کے بموجب دیوالی کے موقع پر تقریباً ایک کروڑ روپے کا ہدیہ بھینٹ کیا گیا۔

دریں اثنا ہندوستان اور پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے آج اٹاری سرحد پر ایک دوسرے کو مٹھائیاں تقسیم کیں۔ بارڈر سکیورٹی فورس کے ڈی آئی جی ایگزیکٹو ڈیوی جوزف نے دیگر افسران اور جوانوں کے ساتھ اپنے پاکستانی ہم منصبوں کو روایتی ہندوستانی مٹھائیاں تحفتاً پیش کیں۔ پاکستانی رینجر کے ونگ کمانڈر محمد عشیر خان نے ہندوستانی جوانوں کو پاکستانی مٹھائیوں بطور تحفہ پیش کیں۔
ملک کے دیگر حصوں سے بھی روایتی عقیدت اور جوش و خروش کے ساتھ دیوالی کا تہوار منائے جانے کی اطلاعات وصول ہوئی ہیں۔

India lights up for Diwali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں