سیکولر اور آزاد جمہوری ڈھانچہ میں ہندوستان کی معاشی ترقی کا کامیاب تجربہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-05

سیکولر اور آزاد جمہوری ڈھانچہ میں ہندوستان کی معاشی ترقی کا کامیاب تجربہ

conference-of-heads-of-mission
وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے آج کہاکہ گذشتہ9سال میں ہندوستان کی خارجہ پالیسی میں قومی ترجیحات کو ملحوظ رکھتے ہوئے بنیادی تبدیلیاں کی گئی ہیں،تاکہ عالمی امور میں ہندوستان کے رول کونمایاں کیا جاسکے۔نئی دہلی میں120ممالک میں برسرخدمت ہندوستانی سفراء کی چار روزہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہارکیا۔انہوں نے ساری دنیا میں محدود وسائل کے باوجودنہایت دشوارکن اور خطرناک حالات میں ہندوستانی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے سفراء کے رول کی بھر پورستائش کی۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی میں قومی ترجیحات کااظہار ہونا چاہیے۔اس کے ساتھ ساتھ ہماری فکر مندی کابھی اظہار کیاجاناچاہیے۔انہوں نے خارجہ پالیسی میں ہندوستان کی پانچ بنیادی اصول(پنچ شیل)کا خصوصی تذکرہ کیا۔انہوں نے کہاکہ خارجہ پالیسی کاسب سے پہلے بنیادی اصول یہ ہوناچاہیے کہ ملک کی ترقی کی ضرورت کیا ہیں،اسی مناسبت سے بیرونی تعلقات استوار کیے جائیں۔اس کے لیے سازگار بیرونی ماحول پیدا کیا جائے،تاکہ اس عظیم الشان ملک کے لیے خوشحالی کا راستہ ہموار کیاجاسکے۔انہوں نے عالمی معیشتوں کے ساتھ ہندوستان کی زیادہ سے زیادہ شراکت داری پر بھی زوردیا۔وزیراعظم نے برصغیر کے ممالک کے ساتھ علاقائی تعاون کی صرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہاکہ علاقائی ادارہ جاتی استحکام پربھی توجہ اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔انہوں نے بطور خاص یہ بات کہی کہ صرف قومی مفادات کی ترجیحات پر ہی خارجہ پالیسی وضع نہیں کی جاسکتی،بلکہ ہندوستانی عوام کی نظر میں جواصول اہمیت رکھتے ہیں ان کی بنیاد پر تعلقات استوار کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے اپنے مخصوص فلسفیانہ انداز میں یہ معنی خیزبات کہی کہ ملک کے"متنوع سیکولراور آزاد جمہوریت"کے ڈھانچہ میں عظیم الشان معاشی ترقی کاکامیاب تجربہ ساری دنیاکے لیے ایک مثال بن گیاہے اور اسی فریم ورک میں ہندوستان ترقی کرسکتا ہے۔انہوں نے ہندوستانی سفراء سے کہاوہ اپنے آپ سے یہ سوال پوچھیں کہ ہندوستان کے پانچ بنیادی اصول ان کے لیے کس حدتک رہنما بن سکتے ہیں؟وزیراعظم نے عالمی سطح پر متغیر ماحول اور نئی ذمہ داریوں سے نمٹنے کے لیے وزارت خارجہ کی خدمات کی بھرپور ستائش کی۔4روزہ اس کانفرنس کا موضوع"متغیرعالمی نظام میں ہندوستان کا مقام:ہم اپنے آپ کو کہاں پاتے ہیں؟ہمارے مقاصد کیا ہیں؟"رکھاگیاہے۔

A Free and Prosperous India: Five Principles of Foreign Policy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں