طوفان ہیلن آج دوپہر آندھرا پردیش ساحل کو عبور کر جائے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-22

طوفان ہیلن آج دوپہر آندھرا پردیش ساحل کو عبور کر جائے گا

چینائی
( پی ٹی آئی)
طاقتور طوفان بادو باراں ہیلن کل آندھرا پردیش کے ساحل کو عبور کرجائے گا اور اس کے زیر اثر بہت ہی شدید بارش ہوگی۔ انڈین میٹرولوجیکل کے محکمہ نے یہ بات بتائی۔ طاقتور طوفان بادو باراں مغرب ۔ شمال مغرب اور سست رفتار کے ساتھ کچھ وفقہ کے لیے مغرب و جنوب مغربی سمت میں پیشرفت کرتے ہوئے 22نومبر کو تقریبا دوپہر کے وقت اونگول سے قریب نیلور اور مچھلی پٹنم کے درمیان آندھرا کے ساحل کو عبور کر جائے گا۔ محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) کے ذرائع نے یہ بات بتائی۔ آئی ایم ڈی نے ساحلی آندھرا کے چند مقامات پر شدید تا انتہائی شدید اور رائلسمیا و متصلہ علاقہ شمالی ٹاملناڈو کے چند مقامات پر بھی شدید تا انتہائی شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ بیان میں بتا دیا گیا ہے کہ 100تا 110کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں جنوبی آندھرا اور شمالی ٹاملناڈو کے ساحلوں پر 120کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شدید ہوسکتی ہے۔ 55تا65کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز و تند ہواؤں کی رفتار 75کلو میٹر فی گھنٹہ تک آندھرا اور شمالی ٹاملناڈو پڈوچیری کے علاقہ پر چلیں گے۔ آندھرا کے ساحل پر اور اس سے دور سمندر میں انتہائی تموج پیدا ہوگا اور شمالی ٹاملناڈو اور پڈوچیری کے ساحلوں پر بھی بلند لہریں اٹھیں گی۔

حیدرآباد
( منصف نیوز بیورو)
وزیر مال این رگھو ویرا ریڈی اور چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی نے ہیلن طوفان جو 22نومبر کی دوپہر تک ریاست کے مچھلی پٹنم سے ٹکرانے والا ہے، کے نتیجہ میں امکانی جان و مال کو اقل ترین حد تک گھٹا دینے احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ آج سکریٹریٹ میں ویڈیو کانفرنس پر کلکٹران کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے بتا یا کہ 220کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز و تند ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور درختوں کے اکھڑ جانے و شکستہ مکانوں کے انہدام کے امکانات ہیں۔ انہوں نے کلکٹر ان کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل ڈیز اسٹر منیجمنٹ فورس کی 6ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ ضرورت کی صورت میں مزید ٹیموں کو طلب کر لیا جائے گا۔ وجئے واڑہ میں 6ہیلی کاپٹرس کو تعیناتی کے ساتھ تیار رکھا گیا ہے۔ طوفان باد باراں ہیلن کے شدت اختیار کرنے کی صورت میں ریاست کے دیگر مقامات بشمول تلنگانہ اور رائلسیما کے اضلاع میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔ اسٹیٹ ڈیز اسٹر منیجمنٹ ٹیم 450ملازمین کے ساتھ تعینات کی جائے گی۔ تربیتی مقاصد کے لیے ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ ریلوے کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضرورت کی صورت میں عوام کو دیگر مقامات پر منتقل کرے۔ انہوں نے ریلوے کو ہدایت کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو منتقل کرتے ہوئے انہیں غذا ، پینے کا پانی اور ادویات فراہم کرے، جب کہ متعلقہ محکموں کو اس مد میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ روان ایک ماہ کے دوران ریاست کو تیسرے چیلنج کا سامنا ہے۔ پہلا طوفان فائیلین ، دوسری شدیدبارش اور اس وقت تیسرا ہیلن طوفان ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرکاری عہدیداروں کو ایسے حالات سے نمٹنے کا مناسب تجربہ ہوگا اور موجودہ مرحلہ پر بھی وہ جانی و مالی نقصانات کو اقل ترین سطح تک پہنچانے میں اپنی اہلیت کو ثابت کریں گے۔ ماضی کی مثال پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتا یا کہ بچوں کے بشمول دیگر کو باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے اور اسکولوں کو مسدود کرنے کی ہدایت جاری کی جائے۔ انہوں نے سمندر میں کشتیوں کے ذریعہ مچھلیاں پکڑنے والے ماہی گیروں کو واپس بلانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے بتا یا کہ نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لے احتیاط علاج سے بہتر ہوگی۔

AP: Rains in Machilipatnam, cyclone Helen to hit coast today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں