تلنگانہ بل پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کیا جائیگا - شنڈے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-15

تلنگانہ بل پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کیا جائیگا - شنڈے

تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے مرکزی وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے نے کہا ہے کہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل کابل5دسمبر سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں پیش کیاجائے گا۔انہوں نے یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا"تلنگانہ بل سرمائی اجلاس میں پیش کیاجائے گا"انہوں نے اشارہ دیاکہ نئی ریاست کی تشکیل کے عمل میں تیزی پیداکی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ کانگریس ہائی کمان کی ہدایت کے بعد آندھراپردیش کی تقسیم پررکھنے والے وزراء کے گروپ نے بیشترفریقین بشمول8سیاسی جماعتوں کے ساتھ گزشتہ7دنوں سے سلسلہ وار اجلاس منعقد کئے۔وزراء کاگروپ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے مزکزی وزراء کے خیالات کی18نومبرکوسماعت کرے گا جس کے بعد اگلے دن چیف منسٹر کے خیالات کی سماعت کی جائے گی جوریاست کی تقسیم کے سخت مخالف ہیں۔اسی دوران ذرائع نے بتایاکہ وزراء گروپ کے صدر سشیل کمار شنڈے نے مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ آئندہ15دنوں میں مرکزی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جانے والی نوٹ کی تیاری کیلئے بنیادی کام شروع کردیں۔عہدیداروں نے بیشتروزراء کی رپورٹس کی تدوین کاکام شروع کردیاہے جنہوں نے نئی ریاست اورموجودہ ریاست کے درمیان اثاثہ جات کی تقسیم اوردیگر مسائل پراپنے خیالات پیش کئے ہیں۔اس تجویزکوکابینہ کی منظوری کے بعد اسے صدر جمہوریہ کے پاس بھیجاجائے گاجواسے منظوری کے لیے آندھراپردیش اسمبلی روانہ کریں گے تاہم دستور کے مطابق اسمبلی میں قرارداد لازمی نہیں ہے۔حکومت،آندھراپردیش کی تنظیم جدید کابل تیار کرے گی اورمرکزی کابینہ کی منظوری کے بعداسے پارلیمنٹ میں پیش کشی سے پہلے صدرجمہوریہ کے پاس بھیجاجائے گا۔پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آغاز5دسمبر سے ہوگایہ20دسمبرتک جاری رہے گا۔وزراء کے گروپ نے اپنے حالیہ اجلاسوں کے درمیان دریاؤں کے پانی،برقی،اثاثہ جات کی تقسیم اورسرحدوں کے تعین کے مسئلہ پرتفصیلی طور پرتبادلہ خیال کیا۔اعلی اختیاری وزارت پیانل درکارقانونی وانتظامی اقدامات کابھی جائزہ لے رہاہے کہ اس بات کویقینی بنایاجاسکے کہ تلنگانہ اورموجودہ ریاست آندھراپردیش مشترکہ دارالحکومت کے طور پر10سال تک حیدرآباد سے موثر طور پرکام کرسکیں۔11نومبر کواپنے پہلے اجلاس میں وزارتی گروپ نے کہاتھاکہ وہ شفافیت کے ساتھ بامقصد طریقہ سے آندھراپردیش کے عوام کی تمام تشویش کی یکسوئی کرے گا۔وزراء کے گروپ نے اختیار کئے جانے والے طریقہ کاراوررسائی کے تعلق سے تبادلہ خیال کیااورسمجھاجاتاہے کہ وہ اپنی سفارشات سے پہلے تمام اہم امور پرفریقین کی رائے حاصل کرے گا۔

Telangana bill to be tabled in parliament winter session: Sushilkumar Shinde

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں