سچن جمعہ کو ممبئی کے وانكھیڈے اسٹیڈیم میں آخری بار انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے میدان میں اترے ہیں۔ ٹیم نے سچن کو جیت کا تحفہ دیا، لیکن میچ ختم ہونے کے چند ہی لمحہ بعد حکومت نے سچن کو ملک کا سب سے بڑا اعزاز دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعظم کے دفتر کے حوالے سے کہا گیا ہے حکومت سچن کو بھارت رتن سے نوازے گی۔ سچن کے ساتھ ہی سائنسداں پروفیسر سی۔این۔آر راؤ [Prof Chintamani Nagesa Ramachandra Rao] کو بھی بھارت رتن سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ راؤ بین الاقوامی شہرت رکھتے ہیں جنہیں میٹرئیل کیمسٹری میں مہارت حاصل ہے۔
واضح رہے کہ اب تک صرف 41 لوگوں کو بھارت رتن ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ آخری بار 2008 میں بھیم سین جوشی کو بھارت رتن سے نوازا گیا تھا۔ سچن کو قواعد میں ترمیم کے بعد بھارت رتن سے نوازا گیا ہے کیونکہ اس سے قبل کھیل کا شعبہ اس فہرست میں شامل نہیں تھا۔ سچن کے ساتھ ہاکی کے جادوگر دھیان چند کو بھی بھارت رتن دینے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے ، لیکن حکومت نے سچن کو ترجیح دینا پسند کیا۔ امکان ہے کہ مستقبل میں دھیان چند کو بھی بھارت رتن عطا کیا جائے۔
سچن کے بڑے بھائی اجیت تینڈولکر نے اس موقع پر کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ ہمیں یہ اعزاز پا کر خوشی ہوگی۔ سچن کے بھارت رتن ملنے پر نامور ہستیوں نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سچن کو بھارت رتن دینے کے اعلان کے بعد لتا منگیشكر نے ٹویٹ کیا کہ " مجھے ابھی پتہ چلا ہے کہ سچن تینڈولکر کو ہندوستان کا سب سے اعلی اعزاز بھارت رتن عطا کیا جائے گا۔ مجھے بےحد مسرت ہوئی ہے ، میں سچن کو بہت بہت مبارک باد دیتی ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ تمام کرکٹ شائقین کو میری ہی طرح ہی بےپناہ خوشی کا احساس ہو رہا ہوگا"۔
Sachin Tendulkar to be awarded Bharat Ratna
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں