پٹنہ بم دھماکوں کے مہلوکین کے خاندانوں سے مودی کی ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-03

پٹنہ بم دھماکوں کے مہلوکین کے خاندانوں سے مودی کی ملاقات

چیف منسٹر بہار اور بی جے پی کے وزرات عظمی امیدوار نریندر مودی نے آج سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان بہار میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے 6مہلوکین کے افراد خاندان سے ملاقات کی اور انھیں پارٹی کی طرف سے ہر ممکن مد د کا تیقن دیا۔ مودی سب سے پہلے قدیم پٹنہ علاقہ میں گوری چک کے لیے روانہ ہوئے تاکہ عظیم چک گاؤں کے ساکن 65سالہ راج نرائن سنگھ کے خاندان سے اظہار تعزیت کرسکیں۔ بی جے پی لیڈر نے راج نارائن سنگھ کی تصویر پر پھول مالا چڑھائی اور اس خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے فرش پر بیٹھ گئے۔ انھوں نے اس خاندان کو پارٹی کی طرف سے 5لاکھ روپے کا چیک حوالے کیا۔ کمرا ہار کے بی جے پی رکن اسمبلی ارون سنہا نے یہ بات بتائی۔ راج نرائن سنگھ کسان تھا اور جئے پرکاش نارائن کا کٹر حامی تھا۔ وہ اپنے خاندان کو اطلاع دئے بغیر مودی کی ریالی میں شرکت کے لیے روانہ ہوا تھا۔ بہار کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے جو چیف منسٹر بہار کے ہمراہ تھے، انھیں یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن نند کشور یادو بھی موجود تھے۔ سنہا نے کہا کہ اس خاندان نے راج نارائن سنگھ کے تین بیٹوں کے منجملہ ایک کو ملازمت دینے کا مطالبہ کیا اور مودی نے اس معاملہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ سنگھ کے دوسرے دو بیٹے فوج میں ہیں۔ بی جے پی لیڈر روی شنکر پرشاد نے بتا یا کہ مودی نے راج نارائن سنگھ کی بیوہ کو دلاسہ دیا۔ انھیں تیقن دیا گیا کہ پارٹی ان کی دیکھ بھال کرے گی۔ وہ اس بات پر مطمئن تھے کہ مودی ان سے ملاقات کے لیے وہاں پہنچے ہیں۔ کہر کی وجہ سے آج صبح مودی کی آمد میں دو گھنٹے تاخیر ہوئی۔ موسم کے بہتر ہوتے ہی بذریعہ ہیلی کاپٹر گوری چک کے لیے روانہ ہوئے جو یہاں سے 25کلو میٹر دور ہے۔ حکومت بہار نے انھیں سرکاری مہمان کا درجہ دیا ہے اور انھیں سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا گیا ہے جو چیف منسٹر نتیش کمار کی سرکار ی قیام گاہ کے بالکل روبرو ہے ۔ مودی کے دورہ کے سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے۔ بہار پولیس کے علاوہ گجرات کے دیڑھ سو پولیس عہدیدار بشمول ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس کے درجہ کے ایک عہدیدار ، ڈی آئی جی رینک کے دو عہدیدار اور ڈی ایس پی لیول کے 6عہدیدار مودی کے سیکورٹی انتظامات کے سلسلہ میں بہار آئے ہوئے ہیں۔

Narendra Modi visits Bihar, meets kin of Patna blasts victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں