جگن موہن ریڈی کو مغربی بنگال اور اترپردیش کے دورہ کی اجازت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-20

جگن موہن ریڈی کو مغربی بنگال اور اترپردیش کے دورہ کی اجازت

صدروائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کوبالآخرسی بی آئی کی خصوصی عدالت نے مغربی بنگال اوراترپردیش کادورہ کرنے کی اجازت دیدی۔جگن ان ریاستوں کادورہ کرتے ہوئے ترنمول کانگریس اورسماج وادی پارٹی سے ریاست آندھراپردیش کو متحدرکھنے کیلئے تائیدوحمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے آج وائی ایس جگن موہن ریڈی کی اس درخواست کو قبول کرلیاجس کے ذریعہ انہوں نے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی اورچیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو سے ملاقات کے لئے مذکورہ دونوں ریاستوں کے دورہ کی اجازت طلب کی تھی تاکہ آندھراپردیش کی تقسیم کے خلاف ان سے تعاون حاصل کیاجاسکے۔فریقین کے وکلاء کی بحث کی سماعت کے بعد عدالت نے جگن کو مغربی بنگال اوریوپی جانے کی اجازت دے دی۔جگن نے علحدہ درخواستوں کے ذریعہ20نومبر کو مغربی بنگال اور21نومبرکواترپردیش کادورہ کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔جگن موہن ریڈی غیرمحسوب اثاثہ جات کے مقدمہ میں اس وقت ضمانت پر ہیں،تاہم عدالت نے انہیں مشروط ضمانت دیتے ہوئے شہرسے باہر بغیر اجازت نہ جانے کی ہدایت دہی ہے ۔جگن نے کل عدالت میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے ضمانت کی شرائط میں نرمی کرنے کی درخواست کی تھی لیکن عدالت نے اس درخواست کو مستردکردیاتھا۔لیکن آج خصوصی دورہ پر کولکتہ اور لکھنو جانے کی جگن کو اجازت دی گئی ہے۔عدالت کی منظوری کے بعد جگن موہن ریڈی کل مغربی بنگال جائیں گے اور21 نومبرکو چیف منسٹراترپردیش اکھلیش یادواورسماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے ملاقات کیلئے لکھنو کادورہ کریں گے۔جگن کے ساتھ پارٹی کے دیگر4اہم قائدین بھی ہوں گے۔اس دورہ کے موقع پرجگن،ملائم سنگھ یادواوراکھلیش یادو کے علاوہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی سے آندھراپردیش کی تقسیم کے روکنے کے مسئلہ پربات چیت کریں گے۔وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے ترجمان جی رامچندررا ؤ نے بتایاکہ یہ ملاقاتیں ریاست کی تقسیم کوروکنے کیلئے قومی قائدین سے تعاون حاصل کرنے کی مہم کاحصہ ہیں۔ترنمول کانگریس اورسماج وادی پارٹی آندھراپردیش ریاست کی مجوزہ تقسیم کے خلاف ہیں۔قبل ازیں عدالت کی منظوری ملنے پرجگن موہن ریڈی نے دہلی کادورہ کرتے ہوئے بائیں بازو جماعتوں کے قائدین کے علاوہ بی جے پی کے قومی صدرراجناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے ریاست کی تقسیم کے خلاف تعاون کرنے کی درخواست کی تھی۔

Court permits Jagan Mohan Reddy to visit Kolkata, Lucknow

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں