چھتیس گڑھ میں 75 فیصد رائے دہی - 8 دسمبر کو نتائج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-20

چھتیس گڑھ میں 75 فیصد رائے دہی - 8 دسمبر کو نتائج

چھتیس گڑھ اسمبلی کے لئے دوسرے اور آخری مرحلہ کی رائے دہی میں 75فیصد پولنگ ریکارڈ ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتا یا کہ ریاست میں یہ اب تک کی سب سے زیادہ پولنگ ہے۔ دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کے دوران سی آر پی ایف کے جوان کی ایک پولنگ بوتھ پر اتفاقا فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ دوسرے مرحلہ میں 19اضلاع کے 72حلقوں میں رائے دہی ہوئی، چیف الکٹورل آفیسر ڈی ڈی سنگھ نے بتا یا کہ آج دوپہر بمترا ضلع کے ساجھا حلقہ کے ایک بوتھ پر سی آر پی ایف جوان کی مبینہ فائرنگ میں ایک شخص فوت ہوگیا۔ اس واقعہ کے بعد نصف گھنٹہ تک پولنگ روک دی گئی تاہم بعد میں پولنگ شروع ہوگئی۔ ریاستی حکومت نے اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ سی آر پی ایف کے جوان کو ڈیوٹی سے اسی وقت ہٹا دیا گیا تھا۔ دوسرے اور آخری مرحلہ میں جملہ 843امیدوار میدان میں تھے۔ جملہ 1,39,74,470رائے دہندوں کے منجملہ 75فیصد نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ چھتیس گڑھ میں رمن سنگھ کی زیر قیادت بی جے پی حکومت تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ کانگریس بھی یہاں اقتدار پر آنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ گورنر شیکھر دت چیف منسٹر رمن سنگھ ، اسپیکر اسمبلی دھرم لال کو شک اور اپوزیشن لیڈر رویندر چوبے نے اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ ڈالے ۔ گورنر دت نے رائے پورسٹی نارتھ حلقہ میں ووٹ ڈالا جہاں بی جے پی کے سری چند سندررانی اور کانگریس کے موجودہ ایم ایل اے کلدیپ سنگھ جو جینجہ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ رمن سنگھ نے اپنے آبائی مقام پر ووٹ ڈالا جو کواردھا حلقہ میں آتا ہے۔ اس نشست پر بی جے پی نے موجودہ رکن اسمبلی کو ٹکٹ نہیں دیا بلکہ اشوک ساہو کو ٹکٹ دیا ہے۔ جبکہ کانگریس نے اپنے سینئر لیڈر محمد اکبر کو اپنا امیدوار بنا یا ہے۔ اسپیکر دھرم لال کو شک نے بلہا حلقہ میں ووٹ ڈالا۔ انہوں نے 2008کے انتخابات میں یہاں کانگریس کے امیدوار سیارام کو شک کو 6000ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔ کانگریس نے اسی نشست پر سیارام کو ایک بار پھر موقع فراہم کیا ہے۔ تقریبا ایک لاکھ سیکورٹی جوانوں کو ریاست بھر میں پر امن رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے تعینات کیا گیا تھا۔ آج کی رائے دہی وسطی اور شمالی چھتیس گڑھ کے اضلاع میں ہوئی۔ انتخابی میدان میں 75خواتین بھی قسمت آزما رہی ہیں۔ سب سے زیادہ 38امیدوار رائے پور سٹی ساوتھ حلقہ سے مقابلہ کر رہے ہیں جبکہ سب سے کم یعنی کہ 5امیدوار سرائے پالی سے انتخابی میدان میں ہیں۔ اس مرحلہ میں اسپیکر اسمبلی دھرم لال کو شک کے علاوہ 9وزرا اور بی جے پی کے ریاستی صدر رام سیوک پاریکھ قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ یہی نہیں اپوزیشن لیڈر وریندر چوبے،سابق چیف منسٹر اجیت جوگی کی اہلیہ رینو جوگی کی قسمت کا فیصلہ بھی اسی مرحلہ میں ہوگا۔ دوسرے مرحلہ میں پی سی سی کے آنجہانی صدر نندکمار پاٹل کے فرزند اومیش پٹیل اور جوگی کے بیٹے امیت جوگی بھی قسمت آزما رہے ہیں ۔ سیکورٹی انتظامات کے لئے پولیس اور نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کے علاوہ 3ہزار کیمرے نصب کئے گئے تھے۔ پولنگ کے انعقاد میں 80ہزار عہدیداروں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ 11نومبر کو پہلے مرحلہ میں نکسلائیٹس سے متاثرہ بستر ڈیویژن اور راج نندگاؤں ضلع کے 18حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے تھےْ رائے شماری 8دسمبر کو ہوگی۔

75 percent voter turnout in second phase of Chhattisgarh polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں