بریلی میں سماج وادی پارٹی کی دیش بچاؤ دیش بناؤ ریلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-22

بریلی میں سماج وادی پارٹی کی دیش بچاؤ دیش بناؤ ریلی

Bareilly-rally-of-SP
سماج وادی پارٹی کی دیش بچاؤ دیش بناؤ ریلی ، آج اسلامیہ انٹر کالج کے میدان میں ریاستی وزیر برائے شہری ترقیات محمد اعظم خاں کی صدارت میں ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ملک کی تقدیر کا فیصلہ اتر پردیش کو ہی کرنا ہے، آئندہ پارلیمانی انتخابات ملک کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ ملک کی خارجہ پالیسی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہا کہ جس وقت میں وزیر دفاع تھا ، ملک کی سرحدیں محفوظ تھیں لیکن آج دشمن ہمارے جوانوں کے سر کاٹ رہے ہیں اور یہ سب اس لیے ہوریا ہے کہ ملک کی قیادت کمزور ہے۔ وزیر اعظم کو انہی کی پارٹی کے لوگ کمزور کر رہے ہیں، جس شخص نے ( راہل گاندھی ) وزیر اعظم کے سامنے ہی بل پھاڑدیا ہو ، وہ ملک کی قیادت کیا کرے گا۔ ملائم سنگھ نے کہا کہ اس معاملہ میں وزیر اعظم کو استعفی دے دینا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ 1997میں مرکزی حکومت کی پالیسی کے تحت بنائے گئے راشن کارڈوں کے مطاق ہی راشن تقسیم کیا جا رہا ہے لیکن اگر آئندہ پارلیمانی انتخابات کے بعد مرکز میں تیسرے محاذ کی حکومت بنتی ہے تو غریبوں میں مفت راشن تقسیم کیا جائے گا۔ ملائم سنگھ نے کہا کہ مجھ پر مسلمانوں کی طرفداری کا الزام عائد کیا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے میں مسلمانوں کی بیجا حمایت نہیں کرتا بلکہ ان کے ساتھ انصاف کرتا ہوں۔ ایس پی کا مقصد انسانیت ہے، اسی لیے ہم انسانیت کی بات کرتے ہیں۔ ملائم نے کہا کہ موجودہ دور میں ریاست کے ہر تھانے میں چار پانچ مسلم کانسٹبل تعینات ہیں اور جلد ہی تھانوں پر مسلم سب انسپکٹر بھی تعینات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلی اکھلیش یادو نے بی جے پی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ پارٹیاں ترقی کے بجائے ریاست کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ ایس پی حکومت یو پی کو ترقی کے راستے پر لے جانا چاہتی ہے۔ ریلی میں زبردست ہجوم دیکھ کر بے انتہا خوش اکھلیش یادو نے آگرہ میں بی جے پی کی ریلی کا نام لیے بغیر کہا کہ کوئی بھی پارٹی ایس پی کی ریلی کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔ زمین پر لڑائی ( انتخابی مقابلہ ) ہوگی تو ایس پی کی طاقت ہی ( زیادہ سیٹوں پر کامیابی ) زیادہ نکلے گی۔ کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کانگریس کی پالیسیوں نے ہی ملک کا ماحول خراب کردیا ہے، اس لیے ماحول بہتر بنائے بغیر یہاں ترقی نہیں ہوسکتی ۔ اپنی حکومت کی کارگرگی کا ذکر کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ ہم اس سے بہتر اسکیمیں کسی دیگرحکومت کے پاس نہیں رہیں۔ ہماری اسکیموں کو ہدف تنقید بنانے والے دوسری ریاستیں اب ہمارے فیصلوں کی تقلید کر رہی ہیں۔

Bareilly rally of SP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں