امریکی شٹ ڈاؤن تعطل - اوباما اور اپوزیشن میں نااتفاق کے آثار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-03

امریکی شٹ ڈاؤن تعطل - اوباما اور اپوزیشن میں نااتفاق کے آثار

امریکہ میں جاری شٹ ڈاون کے تعطل کو ختم کرنے کے سلسلہ میں صدر بارک اوباما اور اپوزیشن ری پبلیکن کے درمیان اتفاق رائے کے آثار دکھائی نہیں دے رہے ہیں جس کی وجہ سے 10لاکھ سے زائد ملازمین بے روز گار ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف وہائٹ ہاؤس نے کہا کہ اوباما محدود فنڈنگ کی قانون سازی ویٹو کردیں گے۔ وہائٹ ہاؤس کا یہ بیان ری پبلکنز کی اس پیشکش کے ردعمل میں سامنے آیا جس میں حکومت کے بعض حصوں کی بحالی کی بات کی گئی تھی۔ وہائٹ ہاؤس نے جزوی فنڈنگ کے حوالہ سے کہا کہ اخراجات کے وسیع تر وفاقی بل کے بجائے محدود فنڈنگ کی کسی بھی قانون سازی کو اوباما ویٹو کردیں گے۔ اوباما نے شٹ ڈاؤن کا ذمہ دار رپبلکن جماعت کو ٹھہراتے ہوئے کہاکہ ایوان نمائندگان میں ایک جماعت کے ایک گروہ کی وجہ سے شٹ ڈاؤن ہوا ہے کیونکہ انہیں ایک قانون پسند نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ رپبلکن جماعت ہیلت کیر پر تاوان کا مطالبہ کر رہی ہے لیکن اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اوباما نے ری پبلیکنز پر الزام لگا یا کہ وہ ان کے ہیلت کیر کے قانون کو سبوتاج کرنے کیلئے حکومت کو یرغمال بنا رہے ہیں۔ انہوں نے وہائٹ ہاؤس کے روز گارڈن میں خطاب کرے ہوئے کہا کہ انہوں نے لاکھوں امریکیوں کیلئے سستی ہیلت انشورنس کی فراہمی روکنے کیلئے ایک نظریاتی جنگ کی بنیاد پر حکومت کا کام روک دیا ہے۔ کانگریس کے پاس عارضی اخراجات سے متعلق بل کی منظوری کیلئے 30ستمبر تک کا وقت تھا تاہم اس پر اتفاق رائے نہیں ہو پا یا تھا۔
اس کا نتیجہ گزشتہ 17برس کے دوران پہلی مرتبہ حکومتی اداروں کی جزوی بندش کی صورت میں نکلا۔ ری پبلیکنز کا سینیٹ سے مطالبہ تھا کہ وہ ہیلت انشورنس سے متعلق قانونی بل کی منظوری میں ایک برس کی تاخیر کی تجویز منظور کرلے تاہم ڈیمو کریٹس کے زیر انتظام سینیٹ نے یہ تجویز مسترد کردی تھی۔ اس دوران اوباما نے پیر کو ایک بل پر دستخط کر دئے تھے جس کا مقصد اس بات کی یقین بنا نا تھا کہ حکومت کی بندش کے دوران فوج کی فنڈنگ جاری رہے۔ اوباما کے الزام کے جواب میں ہاؤس اسپیکر جان بویہنر کے ترجمان مائیکل اسٹیل نے وہائٹ ہاؤس کے اس موقف کو غیر پائیدار حد تک منافقانہ قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہائٹ ہاؤس کے پاس اس بات کا کیا جواز ہے کہ فوجیوں کی فنڈنگ کیلئے تو دستخط کردیئے جائیں لیکن بزرگوں ، قومی پارکوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کیلئے ایسے ہی اقدامات کو ویٹو کیا جائے۔ رپبلیکنس نے اس معاملہ پر ڈیمو کریٹس سے مذاکر ات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک جائزہ کے مطابق تقریبا 72فیصد افراد ہیلت کیر بیل کی وجہ سے ہونے والے اس شٹ ڈاؤن کے حق میں نہیں۔ خیال رہے کہ یہ گذشتہ 17برس میں پہلا موقع ہے کہ امریکی حکومت کو شٹ ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑا ہے اور تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی سیاست میں موجود خلیج اتینی بڑھ گئی ہے کہ حکومت خود کام نہیں کر پار ہی ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں