بیرونی ممالک سے پیاز کی در آمد کے لیے ٹنڈر جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-24

بیرونی ممالک سے پیاز کی در آمد کے لیے ٹنڈر جاری

پیاز کی قیمت 90روپے فی کلو تک پہنچ جانے کے بعد نیشنل ایگری کلچرل کو آپریٹیو مارکٹنگ فیڈریشن آف انڈیا ( نافیڈ) نے آج پاکستان، ایران، چین اور مصر سے پیاز کی در آمد کے لیے ٹنڈر جاری کئے ہیں۔ پیاز کی درآمد کے لیے ٹنڈر جاری کئے ہیں۔ پیاز کی ہول سیل قیمت 50تا 60روپے فی کلو سے بھی کم ہے اس کے باوجود اس اہم سبزی کی چلر فروشی قیمت 90روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ قبل ازیں 2010میں اس کی اعظم ترین قیمت 85روپے فی کلو گرام درج کی گئی تھی۔ نافیڈ نے اپنے ٹنڈر میں کہا کہ وہ پاکستان ، ایران، چین اور مصر سے پیاز درآمد کرنے سے دلچسپی رکھتا ہے جو نئی دہلی کی لارنس روڈ پر اس کے دفتر تک پہنائی جانی چاہئے۔ نافیڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتا یا کہ پاکستان ، ایران اور چین سے درآمد کی جانے والی پیاز 200تا250امریکی ڈالر فی ٹن کے حساب سے دستیاب ہوگی جب کہ مصر سے 350ڈالر فی ٹن کے حساب سے درآمد کرنا پڑے گا۔ بر آمدی پیاز کی اقل ترین قیمت 900ڈالر فی ٹن مقرر کی ہے تاکہ برآمدات کی حوصلہ شکنی کی جاسکے۔ ٹنڈر کے مطابق پیاز بڑی، سرخ یا گلابی رنگ کی ہونی چاہئے جس کا حجم 45ملی میٹر سے زیادہ ہو، یہ سوکھی ، صاف ستھری ، بیکٹیریا اور انفکشن سے پاک ہونی چاہئے۔ ٹنڈر میں یہ بھی کہا گیا کہ متعلقہ ملک کی با اختیار اتھاریٹی کی طرف سے جاری کردہ سرٹیفیکٹ بھی درکار ہوگا۔ نافیڈ نے2ستمبر کو بھی پیاز کی در آمد کے لیے ٹنڈر جاری کیا تھا۔

پیاز کی قیمتوں میں اضافہ 2 تا 3 ہفتے رہے گا
بنگلور /نئی دہلی
ملک کے کئی بڑے شہروں میں پیاز کی قیمت فی کیلو 100روپئے تک پہنچ گئی ہے۔مرکزی وزیر زراعت شرد پوار نے آج کہا کہ آئندہ دو تا تین ہفتوں کے دوران پیاز کی قیمتیں اونچی رہیں گی۔ بر آمدات پر امتناع سے انکار کرتے ہوئے مرکز نے ریاستوں سے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے اشیائے ضروریہ کے قانون کا استعمال کریں۔ وزرات امور صارفین کے اعداد وشمار کے مطابق 57بڑے شہروں میں پیاز کی قیمت 70روپئے فی کیلو کے آس پاس ہے، جب کہ سب سے زیادہ قیمت جموں میں90روپئے فی کیلو گرام رہی۔ مختلف مراکز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پٹنہ اور جموں کی ریٹیل مارکٹ میں پیاز فی کیلو 100روپئے فروخت کی جارہی ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی، جئے پور، چندی گڑھ اور بنگلور میں 80تا90روپئے فی کیلو گرام فروخت ہورہی ہے۔ ممبئی ، بھوپال ، لکھنوء ، چینائی، گوہاٹی ، کولکتہ میں اس کی قیمت 60تا80روپئے فی کیلو ہے۔ پیاز کی قیمتوں میں زبردست اضافہ سے متعلق میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے شردپوار نے کہا کہ آئندہ دو تا تین ہفتوں میں پیاز کی قیمتیں زیادہ رہیں گی، جس کے بعد اس کا حل تلاش کرلیا جائے گا۔ اس سوال پر کہ آئندہ دو تا تین ہفتوں میں پیاز کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔ شردپوار نے کہا کہ ایسا نہیں ہے ، میں کوئی نجومی نہیں ہوں، تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے تجزیہ کے مطابق یہ صورت آئندہ دو تا تین ہفتے برقرار رہے گی۔

India floats tender for import of onions

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں