میرا استعفیٰ مسئلہ کا حل نہیں - آندھرا پردیش وزیر اعلیٰ کرن کمار ریڈی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-09

میرا استعفیٰ مسئلہ کا حل نہیں - آندھرا پردیش وزیر اعلیٰ کرن کمار ریڈی

چیف منسٹراین کرن کمار ریڈی نے آج کہا کہ ان کا مستعفی ہونا تلنگانہ مسئلہ کی یکسوئی میں مددگار ثابت نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ وہ اپنے عہدہ پر برقرار رہتے ہوئے متحدہ آندھراپردیش کیلئے جدوجہدکریں گے۔ایک ٹی وی چیانل کو انٹرویودیتے ہوئے کرن کمارریڈی نے کہاکہ اس مسئلہ پر مذاکرات کی ضرروت ہے ہمیں ریاست کے عوام کواس بات پرمطمئن کرناہے کہ کیوں ریاست کو متحدہ ہرکھنا ہے ۔میرا عہدہ اتنا اہمیت کا حامل نہیں ہے لیکن اگر میں عہدہ چھوڑتاہوں تویہ مقصدکی تکمیل میں مددگار نہیں ہوگااس لئے عہدہ پر برقرار رہتے ہوئے ہی جد وجہدکرنا ضروری ہے۔چیف منسٹر نے کہاکہ ریاست کی تقسیم کے بعدپیدا ہونے والے مسائل پرکھلے عام مذاکرات نہیں کئے گئے۔مسائل کی یکسوئی کے بغیرریاست کی تقسیم عوام کیلئے تشویش کاباعث ہے۔انہوں نے کہاکہ دارالحکومت حیدرآباد،تلنگانہ کاحصہ ہوگااوریہ تنازعہ کی اہم وجہ ہے۔چیف منسٹرنے بتایاکہ دریاؤں کے پانی کی تقسیم ،برقی اورتعلیم جس کاحیدرآبادمرکزہے جیسے کئی بنیادی مسائل ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ کئی نوجوان تعلیم کیلئے حیدرآبادکارخ کرتے ہیں ۔انفارمیشن ٹکنالوجی کاشعبہ ،کمپنیوں اورصنعتیں حیدرآباداور اس کے اطراف واکناف قائم ہیں ۔چیف منسٹرنے کہاکہ 10سال کیلئے حیدرآبادکے مشترکہ دارلحکومت کی تجویز قابل قبول نہیں ہے۔دونوں علاقوں کے عوام کی جانب سے اس کوتسلیم کرنااہمیت کاحامل ہے۔چیف منسٹرنے کہاکہ ریاست کی تقسیم کی تجویز پرکئی شکوک وشبہات موجود ہیں ۔تاحال ایک بھی شک وشبہیہ کودورنہیں کیاگیا۔مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ شبہات کو دورکرے اورتقسیم کی کاروائی کو آگے بڑھانے سے قبل سیماآندھراعوام کو مطمئن کرے ۔کرن کمارریڈی نے اس بات سے انکارکیاکہ سیاسی فائدہ خاص طورپرتلنگانہ کی17لوک سبھانشستوں کے مقصدسے کانگریس نے ریاست کی تقسیم کافیصلہ کیاہے۔انہوں نے بتایا کہ صدر کانگریس سونیاگاندھی سے انہوں نے کہاتھاکہ علاقہ تلنگانہ کے مسائل کوصرف متحدہ ریاست میں ہی حل کیاجاسکتاہے۔ریاست کو متحدرکھتے ہوئے ہی تقسیم سے زیادہ بہتر طور پرمسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔متحدرہئے پرہی ریاست،سیاسی ومالی اعتبارسے مستحکم ہوگی ۔ریاست کی تقسیم کیلئے پہلااقدام آندھراپردیش اسمبلی میں قراردادہوناچاہئے ۔اسمبلی میں بل یا قراردادکوپیش کرنا اور اس پر مباحث ضروری ہیں ۔کیونکہ عوام کے شکوک وشبہات کااظہار اسمبلی میں ہی کیاجاسکتاہے۔ریاست کے عوام کو بھی اس بات سے واقفیت حاصل کرنا ضروری ہے کہ کیاہورہاہے؟۔

Reports about my resignation threat baseless: Kiran Kumar Reddy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں