مظفرنگر فساد متاثرین کی بازآبادکاری کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-27

مظفرنگر فساد متاثرین کی بازآبادکاری کا فیصلہ

مظفرنگر فسادمتاثرین کی بازآبادکاری کا فیصلہ
1800کنبوں کو ملے گی5-5لاکھ کی مدد
لکھنوء
(ایس این بی)
مظفرنگراور شاملی میں ہوئے فسادات کے متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے ریاستی حکومت نے ہرکنبہ کو5-5لاکھ روپے کی یکمشت مالی مدددینے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ مدد1800کنبوں کودی جائے گی جس سے حکومت کے خزانے پر90کروڑروپے کابوجھ آئے گا۔اس سلسلہ میں محکمہ داخلہ نے حکم جاری کردیا ہے۔یہ مالی امداد فساد میں ہلاک ہونے والوں کے ورثاکودی گئی10لاکھ روپے کی مددسے الگ ہوگی۔وزیراعلی اکھلیش یادونے فساد متاثرین کی بازآبادکاری کے لئے انہیں مالی مدددینے کا فیصلہ ہفتہ کو مرادآبادروانہ ہونے سے قبل پر نسپل سکریٹری داخلہ کے ساتھ بیٹھ کرکیا۔مظفرنگرشاملی کے ایسے مواضعات میں جہاں کے مسلم کنبے پناہ گزیں کیمپوں چلے گئے ہیں اور ضلع انتظامیہ کی تمام کوششوں کے بعدبھی گاؤں واپس لوٹنے کو تیار نہیں ہیں۔انہیں پانچ لاکھ روپے فی کنبہ کی شرح سے یکمشت مالی مدد فراہم کی جائے گی۔حکومت نے یہ فیصلہ اس مقصد سے کیا ہے کہ ان کنبوں کو یہ آزادی رہے کہ سرکاری امدادکے بعدجہاں پر وہ چاہیں وہ اپنا گزربسرکرسکیں۔واضح رہے کہ مظفرنگر اور شاملی میں فرقہ وارانہ تشدد کے نتیجہ میں متعددمسلم کنبے ضلع انتظامیہ کے ذریعہ قائم کیے گئے عارضی کیمپوں میں چلے گئے ہیں۔مقامی انتظامیہ کے ذریعہ ضلع مظفرنگرکے6مواضعات اور شاملی کے3مواضعات سے نقل مکانی کرنے والے کنبوں کے سلسلہ میں یہ اطلاع دی گئی ہے کہ ان مواضعات میں بیشترکنبے اب گاؤں چھوڑچکے ہیں۔مظفرنگر اور شاملی دونوں اضلاع ایسے ہیں جس میں تقریبا1800مسلم کنبے فساد سے متاثر ہیں اور گاؤں مکمل طور پر چھوڑچکے ہیں۔ضلع انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق مظفرنگر کے گاؤں پھگانہ میں مسلم طبقہ کے 330کنبے،موضع کٹبامیں205،موضع کٹبی میں58،موضع محمدپوررائے سین میں67،موضع کا کڑامیں265،موضع مڈبھرکے40مسلم کنبے نقل مکانی کرچکے ہیں۔اسی طرح شاملی کے موضع لاک میں276،موضع بہاوڑی میں235اور لساڑھ میں325مسلم کنبوں نے نقل مکانی کی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں