مسلم نوجوانوں سے متعلق راہول کا تبصرہ مسترد - حکومت اترپردیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-27

مسلم نوجوانوں سے متعلق راہول کا تبصرہ مسترد - حکومت اترپردیش

لکھنو
(آئی اے این ایس)
حکومت اترپردیش نے آج کانگریس کے نائب صدرراہول گاندھی کے اس بیان کو مسترد کردیاکہ فسادزدہ مظفرنگر کے بعض مسلم نوجوان پاکستان کی انٹلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے ساتھ ربط میں ہیں اورکہاکہ اس کے پاس اس سلسلہ میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔یوپی کے معتمدداخلہ کمل سکسینہ نے کہا کہ ہمیں انٹلی جنس بیورویامرکزی وزارت داخلہ نے اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔انسداددہشت گردی اسکواڈ کے سربراہ مکل گوئل نے بھی مرکزکی انٹلی جنس ایجنسیو ں کی جانب سے ایسی کوئی اطلاع موصول ہونے کی تردیدکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی انٹلی جنس یونٹس کسی بھی ملک دشمن گروپ کے ایسے منصوبوں کے خلاف چوکسی اختیار کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سخت چوکسی اختیار کررکھی ہے اور ریاست بھر میں ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔سماج وادی پارٹی کے لیڈراورریاستی وزیر شہری ترقیات اعظم خان نے بھی کانگریس کے فسادات سے متعلق ریکارڈ کا مسئلہ اٹھایا اور کانگریس کے نائب صدرسے کہا کہ وہ آئی ایس آئی کے ساتھ ربط رکھنے والے مسلمانوں کی تعداد بتائیں ممتازسماجی کارکن نوتن ٹھاکرنے بھی کل راہول گاندھی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ جانتاچاہا کہ کس انٹلی جنس عہدیدار نے انہیں غیرقانونی طورپر یہ معلومات فراہم کی ہیں کہ آئی ایس آئی مظفر نگر کے مسلم نوجوانوں کے ساتھ ربط میں ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں