طبی خدمات کو کاروبار نہ بنایا جائے - سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر عبدالکلام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-19

طبی خدمات کو کاروبار نہ بنایا جائے - سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر عبدالکلام

سابق صدر جمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام نے طبی خدمات کو کاروبار بنائے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے آج کہا کہ انسانی خدمت مان کر اچھے ڈاکٹروں کی طرف سے یہ سروس فراہم کی جانی چاہئے۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن( آئی ایم اے) کے 100سال پورے ہونے پر آج یہاں میرٹھ یونیورسٹی کے نتیاجی سبھاش چندر بوس ہال میں منعقد صدی تقریب میں ڈاکٹر کلام مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر کلام نے اگلے 5سال کے لئے اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسا ملک چاہتے ہیں جہاں ہر یاک کے لیے طبی خدمات دستیاب ہوں اور عورتوں اور بچوں کے خلاف جرم نہ ہو اور معاشرے میں کوئی بھی شخص خود کو الگ تھلک محسوس نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسا ملک چاہتے ہیں جہاں گاؤں اور شہر کے درمیان بہت کم فرق ہو اور حکومت شفاف اور کرپشن سے آزاد ہو۔ اس سے قبل ڈاکٹر کلام نے شمع روشن کرکے پروگرام کا آغاز کیا جس کے بعد آئی ایم اے ہاؤں پہنچ کر اپنے ہاتھوں سے ایک پودا بھی لگایا۔ صد سالہ تقریب سے متعلق کتبہ کی نقاب کشائی کی۔ وہاں ان کا استقبال کلاس 6سے11تک کے طلبا نے کیا۔ اس موقع پر آئی ایم اے نے اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹر کلام کی یوم پیدائش 15اکتوبر پر ہر سال آئی ایم اے میرٹھ کی طرف سے مفت ٹیکے لگانے کا کام کیا جائے گا۔ انڈین میڈیکل اسوسی ایشن میرٹھ چیپٹر نے سابق صدر جمہوریہ ہند اے پی جے عبد الکلام کی آج میرٹھ آمد کے پروگرام کو لے کر کل ہی اپنی تیاریا ں پوری کر لی تھیں۔ میرٹھ یونیورسٹی کے سبھاش چندربوس ہال میں خاص طور سے صفائی کرائے جانے کے ساتھ ہی اس کے ار د گرد سیکورٹی انتظامات کا جائرہ لینے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے اعلی حکام خیمہ زن تھے۔ واضح رہے کہ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن میرٹھ چیپٹر نے آج اپنا 100سال کا سفر مکمل کرلیا ہے۔ اس دوران ایسو یسی ایشن نے وقت کے مختلف اور طویل اتار چڑھاؤ کو بھی دیکھا ہے۔ 1913میں اس کا نام میرٹھ میڈیکل ایسوسی ایشن رکھا گیا تھا جبکہ1926میں میرٹھ میڈیکل ایسوسی ایشن کا نام آئی ایم اے میرٹھ شاخ کردیا گیا ۔ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے 1959میں آئی ایم اے عمارت کی بنیاد رکھی تھی۔

medical services is not for business -Dr. APJ Kalam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں