سائبر فورس تشکیل دینے برطانیہ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-01

سائبر فورس تشکیل دینے برطانیہ کا اعلان

برطانیہ کے وزیر دفاع نے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ایک سائبر یونٹ تشکیل دینے کے منصوبہ کا اعلان کیا ہے۔ نئے جوئنٹ سائبر ریزرو یونٹ کیلئے وزرات دفاع کمپیوٹر کے سینکڑوں ماہرین کو بطور ریزرو بھرتی کرے گی جو مستقل اراکین کے سا تھ مل کر کام کریں گے ۔وزیر دفاع فلپ ہیمنڈکا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو یہ نئی فورس سائبر حملے بھی کرے گی۔ اس سلسلے میں تقررات کا سلسلہ اگلے ماہ شروع کیا جائے گا۔ اس فورس کا کام کمپیوٹر نیٹ ورک اور اہم ڈاٹا کا تحفظ ہوگا۔ وزرات دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جوائنٹ سائبر یونٹ کی تشکیل سے ان لوگوں کی انفرادی قابلیت ، ہنر اور مہارت سے فائدہ اٹھایا جاسکے گاجو انہوں نے سویلین تجربہ سے حاصل کی ہے اور خطروں سے نمٹا جائے گا۔ فلپ ہیمنڈ نے اخبار دی میل آن سنڈے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سائبر حملوں سے دشمن کے کمیونیکیشن جوہری اور کیمیائی ہتھیاروں ہوائی و بحری جہازوں کو ناکارہ بنا یا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ملٹری کے بارے میں جب بات کرتے ہیں تو بری ، بحری اور ہوائی کی سوچتے ہیں۔ بہت عرصہ قبل ایک چوتھی قسم خلا آئی تھی اور اب پانچویں سائبر ہے۔ اب دفاع کیلئے ایک اور محاذ ہے۔ کئی سالوں سے ہم ایک دفاعی نظام بنا رہے ہیں تاکہ خود کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھ سکیں لیکن اب وہ کافی نہیں ہے۔ آپ جارحانہ صلاحیت سے لوگوں کو روک سکتے ہیں۔ ہم دشمن کے سائبر حملوں کا جواب دینے کیلئے برطانیہ میں سائبر حملے کی صلاحیت پیدا کریں گے۔ سائبر کو اب بری ، بحری، ہوائی اور خلائی کارروائیوں کے ساتھ شامل کردیا جائے گا۔ ہمارے کمانڈر مستقبل کی لڑائیوں میں روایتی ہتھیاروں کے ساتھ سائبر ہتھیار بھی استعمال کرسکیں گے۔ حالیہ برسوں میں سائبر حملے اور جرائم بہت عام ہوتے جارہے ہیں۔ جولائی میں برطانوی خفیہ ادارے جی سی ایچ کیو نے بتا یا تھا کہ برطانیہ کی حکومت اور انڈسٹری کے نیٹ ورک کو ہر ماہ جاسوسی کی غرض سے 70سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گزشتہ دسمبر میں کابینہ کے وزیر فرانسس مودے نے ایک تحریری بیان میں کہا تھا کہ 2012میں 93فیصد بڑے اداروں اور 76فیصد چھوٹے کاروباروں نے سائبر حملے کی رپورٹ کی تھی۔

UK to create new cyber defence force

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں