ٹور آپریٹر کی دھوکہ دہی - برطانیہ میں سینکڑوں افراد حج کی سعادت سے محروم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-12

ٹور آپریٹر کی دھوکہ دہی - برطانیہ میں سینکڑوں افراد حج کی سعادت سے محروم

مانچسٹرکے علاقہ اولڈ ہم سے تعلق رکھنے والے ایک بد دیانت حج ٹور آپر یٹر کی دھوکہ دہی کی وجہ سے کم و بیش 213برطانوی افراد امسال حج کی سعادت سے محروم رہ گئے، درجنوں افراد نے شکایت کی ہے کہ کس طرح ان کو دھوکا دیا گیا اور حج کی ادائیگی کے حوالہ سے ان کا پروگرام کس طرح خاک میں ملادیا گیا۔ لوگوں کی شکایات کے مطابق ایک ٹریول ایجنسی کے مالک نے 213برطانوی مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس سال ایک پیاکیج کے تحت ان کیلئے حج کا انتظام کرے گا، اس پیاکیج میں حج کیلئے ویزا رہائش اور ٹکٹس شامل تھے جس کیلئے ایجنسی نے فی کس 3ہزار 100پونڈ رقم وصول کی تھی لیکن اب اس نے یہ کہہ کر بغیر ویزا کے ان کے پاسپورٹ واپس کردیئے ہیں کہ ایک دوسرے آپریٹر نے اس کے ساتھ دھوکہ کیا ہے جس نے پاسپورٹ ایک ٹراویل ایجنٹ کو دئے دیئے تھے جو لند ن میں سعودی سفارتخانے سے ویزا حاصل نہ کرسکا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہاں افراد فریضہ حج ادانہیں کرسکیں گے لیکن جو لوگ حج کے نام پر سنگین دھوکہ کے واقعات سے واقف ہیں انھوں نے کہا کہ یہ اسکینڈل صرف ایک واقعہ ہے، ناپسندیدہ بددیانت افراد ہر سال مسلمانوں کو حج کے نام پر اسی طرح لوٹتے ہیں۔ دریں اثنا ایک اندازے کے مطابق توقع ہے کہ کم وپیش 20ہزار برطانوی مسلمان اس سال فریضہ حج ادا کریں گے۔ سینئر منسٹر آف اسٹیٹ بیرونس سعیدہ وارثی اور مشاورتی سرویس سے متعلق امور کے وزیر مارک سیمنڈس نے برطانوی عازمین حج کے ساتھ سعودی عرب جانے والے 15ویں حج مشاورتی وفد کا اعلان کردیا ہے لیکن حجاج کے استحصال کا معاملہ برطانوی اور سعودی دونوں حکومتوں کیلئے ایک چیلنج ثابت ہوگا۔ اسی دوران اس دھوکہ میں ملوچ حج ٹور آپریٹر کے مکان اور دفتر پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا۔

UK Muslims fall victim to Hajj fraud

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں