انسانی حقوق احترام - یو اے ای عرب ممالک میں سرفہرست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-19

انسانی حقوق احترام - یو اے ای عرب ممالک میں سرفہرست

انسانی حقوق کے احترام کے میدان میں متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) تمام عرب ممالک میں سر فہرست ہے اور عالمی سطح پر اس کا 14واں نمبر ہے۔ انٹر نیشنل ہیومین رائٹس رینک انڈیکیٹر( آئی ایچ آر آر آئی) میں امارات نے 71۔15فیصد نشانات حاصل کئے ہیں۔ انڈیکیٹرمیں( عالمی سطح پر )ناروے کا پہلا نمبر ہے جس نے 90۔22نشانات حاصل کئے ہیں جبکہ امریکہ کا نمبر 20واں ہے۔ شام کا نمبر 210واں ہے۔ سوئزر لینڈ میں قائم گلو بل نیٹ ورک برائے حقوق و ترقی ( جی این آر ڈی ) کی کل جاری کردہ فہرست سے تفصیلات کا پتہ چلتا ہے۔ جی این آر ڈی نے اپنے ایک بیان میں آئی ایچ آر آر آئی کو انتہائی قابل بھروسہ اور مکمل بین الا قوامی انسانی حقوق کے درجات کا اشاریہ قرار دیا ہے اور 216ممالک میں انسانی حقوق کے احترام سے متعلق ڈاٹا جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ، ہم نے ایک حقیقی اور جانبداری سے پاک بین الاقوامی انسانی حقوق رینک انڈیکیٹر متعارف کیا ہے جو اپنے عمل کے اعتبار سے منفرد ہے۔ اس غیر سرکاری ادارہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ انسانی حقوق پر بڑی احتیاط کے ساتھ توجہ دینے اور غیر جانبدارانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بڑے پیمانے پر ہوتی ہیں تو انہیں روکنے کے لیے اسی قدر بڑے اور بہتر پیمانے پر اقدامات کرنے ہوتے ہیں۔ جی این آر ڈی ، مختلف بین الاقوامی اداروں،حکومتوں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ تعاون کے ذریعہ کام کرتا ہے تاکہ اس کے اخذکردہ نتائج مکمل اور قابل بھروسہ ہوں۔ اس ادارہ نے اپنے ویب سائت پر اشاریہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ "زائد اف 2ہزار افراد دنیا بھر میں ( انسانی حقوق کے تعلق سے ) اطلاعات اکھٹا کر رہے ہیں اور ان اطلاعات کا مسلسل اندراج کررہے ہیں"یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ جی این آر ڈی ایک بین الا قوامی غیر سرکاری ادارہ ہے جس کا قیام جون 2008میں عمل میں آیا ۔ اس ادارہ کا مقصد حقیقی تبدیلیوں کے لیے نئی حکمت عملیوں اور پالیسیوں کو اختیار کرتے ہوئے انسانی حقوق اور ترقی کی تائید میں اپنے امور کو وسعت دینا ہے۔

UAE ranks first among Arab countries on human rights respect

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں