پاکستان دہشت گردی کا مرکز نہیں - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-23

پاکستان دہشت گردی کا مرکز نہیں - نواز شریف

وزیر اعظم نواز شریف نے آج کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا مرکز یا ذریعہ نہیں ہے اور امریکہ کشمیر کے کلیدی مسئلہ بشمول ہندوستان کے ساتھ اس کے اختلافات کی یکسوئی میں ان کے ملک کی مدد کرنے کے موقف میں ہے۔ وائٹ ہاؤز میں صدر بارک اوباما کے ساتھ اپنی ملاقات سے ایک دن پہلے نواز شریف نے ادعا کیا کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ اپنے بڑھتے ہوئے تعلقات کی وجہ سے باہمی مسائل کی یکسوئی کے لیے بہتر موقف میں ہے۔ انہوں نے کشمیر پر امریکی مصالحت کے تعلق سے اصرار جاری رکھا حالانکہ امریکہ اور ہندوستان دونوں نے ایسے کسی بھی اقدام کو مسترد کردیا ہے۔ نواز شریف نے ایک تھنک ٹینک یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا نہ ہی مبدا ہے اور نہ ہی مرکز۔ جیسا کہ بعض اوقات الزام لگا یا جاتا ہے۔ دراصل پاکستان خود زائد از ایک دہے سے دہشت گردی کا بدترین شکار رہا ہے، نواز شریف نے اعتراف کیا کہ پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی اور انتہاپسندی سے لاحق ہے۔ ان کے یہ ریمارکس بظاہر گذشتہ ماہ اوباما کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر اعظم منموہن سنگھ کے اس بیان کا جواب تھے کہ پاکستان ، ہندوستان کے پڑوس میں دہشت گردی کا مبدا ہے۔ ہندوستان کے ساتھ مسائل کی یکسوئی کے لئے امریکہ کے تاریخی و تعمیری رول کی ستائش کرتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان میں تشدد کا چکر ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے لیکن ایسا راتوں رات نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اپنے شہریوں کے خلاف طاقت کے احمقانہ استعمال کے ذریعہ ایسا کیا جاسکتا ہے۔

Pakistan is not center but victim of terrorism, says PM Nawaz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں