مدھیہ پردیش کے مندر میں بھگدڑ - 115 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-14

مدھیہ پردیش کے مندر میں بھگدڑ - 115 افراد ہلاک

مدھیہ پردیش کے ضلع داتیہ میں ایک مندر کے قریب نوراتری تقاریب کے دوران بھگڈر میں 31خواتین اور17بچوں کے بشمول 115افراد ہلاک اور 100سے زائد زخمی ہوگئے۔ قبل ازیں افواہ پھیل گئی تھی کہ یاتری جس پل سے گذررہے ہیں وہ منہدم ہونے والا ہے۔چمبل رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) پولیس ڈی کے آریہ نے پی ٹی آئی کو بتا یا کہ پل کے منہدم ہونے کی چند نا معلوم افراد نے افواہیں پھیلائی تھیں جس کے نتیجہ میں رتنا گڑھ کے مندر کو جانے والے دریائے سندھ پر واقع پل پر بھگڈر میں 115افراد بر سر موقع ہلاک ہوگئے۔ اس مقام پر لاکھوں یاتری اکھٹا ہوئے تھے۔ ریاستی حکومت نے حادثہ کی عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ یاتری ، داتیہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے لگ بھگ 60کیلو میٹر دور اور ریاستی دارالحکومت سے 320کیلو میٹر فاصلہ پر واقع درگا مندر میں نو راتری کے موقع پر پوجا کیلئے داتیہ اور پڑوسی ریاست اتر پردیش سے آئے تھے جس کے دوران بھگڈر مچ گئی۔ غیر مصدقہ اطلاعات میں بتا یا گیا کہ بعض افراد نے قطار سے آگے جانے کی کوشش کی تھی جس کے نتیجہ میں بھگڈر مچ گئی۔پولیس نے ہجوم پر قابو پانے لاٹھی چارج کیا۔ آریہ نے بتا یا کہ حادثہ میں 100افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ فکر و تشویش کے شکار رشتہ داروں نے پل پر پڑی متعدد نعشوں میں اپنے متعلقین کو تلاش کیا جو ایک دلخراش منظر پیش کررہا تھا۔ برہم ہجوم اس واقعہ کے خلاف احتجاج کررہا تھا۔ اس نے پولیس پر سنگباری کردی۔ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں منتشر کرنے کے لئے ہلکا سا لاٹھی چارج کیا۔ انتشار کے دوران پولیس اور مقامی والینٹرس کو صورتحال پر قابو پانے میں بڑی دشواری پیش آئی۔ ایک سب ڈیوژنل پولیس آفسر سنگباری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوئے ہیں۔ آریہ نے بتایا کہ حالات پر قابو پالیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش جہاں انتخابات منعقد ہونے والے ہیں ریاستی حکومت نے ریاستی الیکشن کمیشن سے منظوری کے بعد بھگڈر مہلوکین کے قریبی رشتہ داروں کو 1۔5روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں حکومت نے شدید زخمیوں میں ہر ایک کو فی کس 50ہزار روپے اور معمولی زخمیوں کو فی کس 25ہزار روپے دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور ریاستی چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان اور ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن اجئے سنگھ نے المناک واقعہ پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔ ریاستی چیف سکریٹری انٹونی دیسا اور ڈائرکٹر جنرل پولیس نندن دوبے صورتحال کے جائزہ کیلئے رتنا گڑھ روانہ ہوگئے ہیں۔

115 killed in Madhya Pradesh temple stampede

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں