وی کے سنگھ کے الزامات کی تحقیقات کرانے مرکز سے خواہش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-08

وی کے سنگھ کے الزامات کی تحقیقات کرانے مرکز سے خواہش

جموں و کشمیراسمبلی نے آج ایک قراردادمتفقہ طور پر منظورکرلی جس میں مرکزسے خواہش کی گئی ہے کہ وہ سابق سربراہ افواج جنرل (ریٹائرڈ)وی کے سنگھ کے ،انکشافات،کی،ایک مقررہ مدت میں تحقیقات کرائے۔وی کے سنگھ نے یہ الزام لگایاتھاکہ1947ہی سے آرمی فنڈکے ذریعہ ریاست جموں وکشمیرمیں سیاستدانوں کو رقومات دی جاتی رہی تھیں۔ایوان میں ،چیف منسٹرعمرعبداللہ کی تقریر پر مباحث کے اختتام کے فوری بعد قراردادمنظورکرلی گئی ۔عمر عبداللہ نے کہاکہ ''جنرل سنگھ کے انکشافات پر حکمراں نیشنل کانفرنس کے ارکان کی پیش کردہ تحریک مراعات اور اپوزیشن ارکان کی پیش کردہ قراردادوں پر اسپیکرمبارک گل کو فیصلہ کرنے دیجئے ''۔تاہم مارکسی رکن ایوان محمد یوسف تریگامی نے کہا کہ یہ ایوان ایک قراردادمنظورکرے جس میں انکشافات کی تحقیقات کی مانگ کی جائے کیونکہ بحث میں حصہ لینے والے ہررکن نے یہ مطالبہ کیاہے ۔اسپیکرنے کہا کہ ''ہمیں ایک قراردادتیارکرنے دیجئے اور ایوان میں8اکتوبر کو پیش کر نے دیجئے''۔تاہم چیف منسٹرنے مداخلت کرتے ہوئے کہاکہ اس ایوان کوایک سطرپر مشتمل قراردادمنظورکرنے دیجئے جس میں مرکزسے یہ خواہش کی جائے کہ وہ،سچائی کوسامنے لانے مقررہ مدت کے دوران تحقیقات کرانے کاحکم دے ۔بعدمیں مذکورہ قرادادبہ اتفاق آرامنظورکرلی گئی۔تحریک مراعات اوراپوزیشن کی قراردادوں پر فیصلہ بعد میں کیاجائے گا۔اسپیکرنے یہ بات ،ایوان کا اجلاس کل تک کیلئے ملتوی ہونے سے قبل بتائی۔

Investigate Gen VK Singh's payoff allegations: J&K Assembly to Centre

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں