کانگریس کے سینئر لیڈر کو کرپشن کیس میں 4 سال قید کی سزا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-02

کانگریس کے سینئر لیڈر کو کرپشن کیس میں 4 سال قید کی سزا

راجیہ سبھا کے رکن اور کانگریس کے سینئر لیڈر رشید مسعود کو کر پشن کے ایک مقدمہ میں دہلی کی عدالت نے 4سال قید کی سزا سنائی ہے۔ وہ پہلے رکن پارلیمنٹ ہیں جو سپریم کورٹ کے ایک حالیہ فیصلہ کے بعد پارلیمنٹ کی رکنیت سے محروم ہوگئے۔ 67سالہ مسعود کو عدالت کی جانب سے فی الفور حراست میں لے لیا گیا ۔خصوصی سی بی آئی جج جے پی ایس ملک نے 1990کی قومی محاذ حکومت میں وزیر صحت کی حیثیت سے تریپورہ کے لئے مختص کردہ ایم بی بی ایس نشستیں ملک بھر کے میڈیکل کالجوں میں غیر مستحق امیدواروں کو دلانے کی دھوکہ دہی کا قصور وار قرار دیتے ہوئے جیل کی سزا سنائی ۔ عدالت نے مسعود پر 7ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ سپریم کورٹ نے 10جولائی کے اپنے فیصلے میں ایسے ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کو جو 2سال یا اس سے زائد جیل کی سزا کے حامل جرائم کا قصور وار قرار پانے پر ایوان کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا تھا۔ مسعود پہلے سیاستداں ہیں جن پر اس فیصلہ کی ضرب پڑی۔ فیصلہ کے مطابق ایسے سیاستداں آئندہ 6سال تک انتخابات بھی لڑنے کے اہل نہیں ہونگے۔

Congress MP Rasheed Masood gets four-year jail term

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں