بشر الاسد کے کارندوں نے طرابلس کو جہنم زار بنا دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-10-28

بشر الاسد کے کارندوں نے طرابلس کو جہنم زار بنا دیا

بیروت
( اے ایف پی)
لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد حریری نے ملک کے شورش زدہ شمالی شہر طرابلس کی تازہ سیکورٹی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں پر ہونے والی جھڑپوں میں شامی صدر بشر الا سد کو قصور وار قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ بشر الا سد کے کارندوں اور ایجنٹوں نے لبنان کے پرامن شہر طرابلس جہنم زار بنا رکھا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں حریری نے کہا کہ، شام کی جنگ دراصل ایک گندگی ہے جسے اب ہمارے ملک میں پھیلانے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے ۔ اس گندگی کو پھیلانے میں شامی صدر بشر الا سد اور ان کے مقامی ایجنٹ ملوث ہیں، مصدقہ ذرائع کے مطابق لبنان کے سابق وزیر اعظم نے یہ بیان طرابلس میں ایک روز قبل ہونے والی جھڑپوں کے تناظرمیں دیا ہے ۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب میں شہر میں متحارب گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں کم سے کم 8افراد ہلاک اور 50سے زائد زخمی ہو گئے تھے ۔ کشیدگی کے بعد شہری پبلک پارکوں میں پناہ حاصل کرنے پر مجبور ہیں ۔ مقامی آبادی نے لبنانی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگجوؤں کے خلاف موثر کار روائی کرے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے ۔ دوسری جانب لبنان کی مستعفی حکومت کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ سیکورٹی ادارے طرابلس میں امن و امان کی بحالی کے لیے اپنے تمام اختیارات کا بھر پور استعمال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ طرابلس کا امن بحال کرنے کے لیے جو کچھ ضروری ہوا وہ کرنے سے گریز نہیں کریں گے ۔ ان کا اشارہ متحارب گروپوں کے خلاف طاقت کی استعمال کی جانب تھا۔

Bashar Assad agents made ​​Tripoli a hell

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں