مظفر نگر تشدد - انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ کشیدگی کی کوششیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-22

مظفر نگر تشدد - انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ کشیدگی کی کوششیں

(لکھنؤ)
مظفر نگر میں تشدد پر قابو پانے کے سلسلہ میں حکومت کی بے عملی پر تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر دیہی ترقی جئے رام رمیش نے آج اسے بی جے پی اور سماج وادی پارٹی کی انتخابی تیاریاں قرار دیا۔ رمیش نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایاکہ میں سمجھتا ہوں کہ2014کے عام انتخابات کی تیاریاں مظفر نگر سے شروع ہوچکی ہیں۔ یہ سماج وادی پارٹی اور بی جے پی کا ٹریلر ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی کی بنیاد پر لوک سبھا انتخابات لرنے بی جے پی کے عزائم اس وقت ظاہر ہوگئے تھے جب اس نے امیت شاہ کو ریاست میں پارٹی کا انچارج بنایاتھا۔ رمیش نے ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو بڑھاوا دینے کی مزید کوششوں کے خلاف انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اترپردیش میں فرقہ وارانہ دراڈ پیدا کرنا ہی(ان کی)حکمت عملی ہوگی اور سماج وادی پارٹی بھی یہ سمجھتی ہے کہ اسے اس سے فائدہ ہوگا۔ رمیش نے الزام عائد کیاکہ ریاستی حکومت نے مظفر نگر میں سستی دکھائی ہے۔ حکومت اور چیف منسٹر نے ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ریاستی حکومت نے اپنی ذمہ داری سنجیدگی کے ساتھ مکمل نہیں کی۔ ریاستی حکومت کاکوئی نمائندہ وہاں نہیں گیا۔ بی جے پی لیڈر حکم سنگھ کے رول پر اظہار تاسف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ان کے اچھے دوست ہوا کرتے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مظفر نگر کے فسادات اکھلیش یادو حکومت پر ایک داغ ہیں۔

(پٹنہ)
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہاکہ اترپردیش کے مظفر نگر میں فرقہ وارانہ تشدد کا مسئلہ قومی یکجہتی کونسل کے آئندہ اجلاس میں اٹھایاجائے گا۔ یہ بتاتے ہوئے کہ ان کی حکومت فرقہ وارانہ کشیدگی پر قابو پانے پیشگی اقدامات کرتی ہے،نتیش کمار نے کہاکہ اضلاع میں فرقہ وارانہ تشدد کیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس ذمہ دار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فرقہ وارانہ تشدد کی صورت میں اس کی روک تھام کے لئے اعلیٰ سطح پر اقدامات کئے جاتے ہیں۔ نتیش کمار، دہلی کے سہ روزہ دورہ سے واپسی کے بعد پٹنہ ائیر پورٹ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔

muzaffarnagar riots communal tension ahead of polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں