آثار قدیمہ قانون میں ترمیم - آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی آج میٹنگ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-22

آثار قدیمہ قانون میں ترمیم - آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی آج میٹنگ

all india muslim personal law board
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے کل صبح ہونے والے اجلاس عام سے قبل بورڈ کے کچھ اہم ممبران نے آج شام جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نہروگیسٹ ہاؤس میں ایک تجزیہ میٹنگ کی، جس میں کل کے اجلاس میں اٹھائے جانے والے اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ان میں اہم ایشو میں محکمہ آثار قدیمہ کے تحت بند مساجد میں نمازوں کی بازیابی کا مطالبہ شامل ہے،جس پر کل غوروخوض کا امکان ہے۔ واضح ہو کہ حکومت ہند آثار قدیمہ سے متعلق قانون میں ترمیم پر غور کررہی ہے۔ اس کے پیش نظر پرسنل لاء بورڈ کے ان ممبران کا کہنا تھاکہ ملک میں ایسا کوئی قانون یا ایکٹ نہیں ہے جس کی رو سے کسی مسجد میں نماز ادا کرنے سے روکا جاسکے، اس کے باوجود اگر اے ایس آئی اپنے ماتحت مساجد میں مسلمانوں کو نماز ادا کرنے سے روک رہی ہے تو اس کی بنیادتلاش کرنی ہوگی۔ ان ممبران میں اس بات پر اتفاق رائے تھاکہ محکمہ آثار قدیمہ سے متعلق قوانین کا گہرائی سے تجزیہ کیاجائے اور ایسی تمام مساجد کا مکمل سروے کرایاجائے تاکہ منظم طریقہ سے حکومت کے سامنے اپنی بات رکھی جاسکے۔ اس ایشو پر کل کے اجلاس میں سنجیدہ غور وخوض کا امکان ہے۔ آج کے اس تبادلہ خیال میں شامل بورڈ کے ممبران میں عبدالرحیم قریشی،حاتم مچھالہ،ظفر یاب جیلانی،پروفیسر شکیل صمدانی اور وقار احمد سمیت تقریباً10 ممبران شامل تھے۔

Archaeology law amendment - muslim personal law board meeting today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں