اردو غزل میں ہر طرح کے مضامین پیش کرنے کے وسیع تر امکانات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-07

اردو غزل میں ہر طرح کے مضامین پیش کرنے کے وسیع تر امکانات

dr askari lecture nzb
اردو غزل میں ہر طرح کے مضامین پیش کرنے کے وسیع تر امکانات
شعبہ اردو گراج کالج میں ڈاکٹر عسکری صفدر پرنسپل آرمور ڈگری کالج کا خصوصی لیکچر

غزل اردو شاعری کی آبرو ہے۔ یہ گل و بلبل اور محبوب کے اداؤں کے تذکرے سے نکل کراب زندگی کے مسائل کی عکاسی میں لگی ہوئی ہے۔ غزل کو کوزے میں سمندر بند کرنے کا فن کہتے ہیں۔ اور اردو شاعری کی صنف میں غزل ہی وہ واحد صنف ہے جس میں جدا جدا اشعار میں کسی بھی قسم کا مفہوم بیان کرنے کی گنجائیش ہے۔ اردو غزل نے امیر خسرو،قلی قطب شاہ ،ولی ؔ ،میرؔ ،غالبؔ ،مومنؔ ،داغ،آتشؔ ،ناسخؔ ،سراجؔ ،دردؔ ،فراقؔ ، اور ناصر کاظمی کی شاندار روایتوں کو آگے بڑھایا اور اپنا قصر تعمیر کیا۔ اردو غزل کی اس روایت کو آنے والے دور کے شعرا نے سماجی مسائل کی پیشکشی اور ان کے حل اور عصر حاضر کے تقاضوں کے بیان کے لئے استعمال کیا۔ آج اردو زبان کو مقبولیت عطا کرنے میں مشاعرے اور اردو غزل اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ اس لئے اردو ادب کے نوجوان طالب علم بھی اگر ان میں شاعری کا ذوق ہے تو اپنے اساتذہ کی نگرانی میں اپنے شعری ذوق کی تکمیل کریں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر عسکری صفدر پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج نظام آباد میں یوجی سی کے زیر اہتمام شعبہ اردو گرراج گورنمنٹ کالج نظام آباد میں ’’ اردو غزل،، کے موضوع پر منعقدہ خصوصی لیکچر سے خطاب کے دوران کیا۔ کالج کے اردو میڈیم طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرؔ کی شاعری غم ذات ہی نہیں غم کائنات بھی ہے۔غالبؔ نے اپنی فکر و فلسفہ سے ہر زمانے کو متاثر کیا۔اردو کے آغاز کے فوراً بعد دکن میں اردو محمد قلی قطب شاہ،ولیؔ اور دیگر شعرا نے غزل کی شاندار روایات قائم کیں۔ ولی ؔ کے شمالی ہند دورے سے وہاں فارسی کی جگہ اردو شاعری کا آغاز ہوا۔ اردو غزل آج اکیسویں صدی میں عصر حاضر کی عکاسی کر رہی ہے۔ غزل کے فروغ میں پروین شاکر اور دیگر شاعرات نے بھی اہم رول ادا کیا۔ ڈاکٹر عسکری صفدر نے طلباء کو مشورہ دیا کو وہ گراج کالج میں موجود سہولتوں سے استفادہ اٹھائیں اور بہتر مستقبل کی تعمیر کریں۔ قبل ازیں ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدرشعبہ اردو نے مہمان مقرر کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عسکری صفدر مسلم خواتین کے لئے ایک مثال ہیں کہ اے پی پی ایس سی سے ڈگری لیکچرر منتخب ہونے اور ذائد از بیس سال اردو لیکچرر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد وہ اب ایک گورنمنٹ ڈگری کالج کی پرنسپل ہیں۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ پردے اور اسلامی تعلیمات کے دائرے میں رہ کر اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوں اور خواتین کی پسماندگی دور کرنے کے کام کریں۔
ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کالج کے پرنسپل پروفیسر ایس لمبا گوڑ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ کالج میں فروغ اردو کے لئے مختلف اسکیمات پر عمل آوری میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ لیکچر کے بعد طلباء و طالبات نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور اس قسم کے لیکچر کو معلومات میں اضافہ کا باعث قرار دیا۔ بی کام سال اول کے طالب علم عبدالواسع نے شکریہ ادا کیا۔

Dr. Askari Safdar's urdu lecture in GG College, nizamabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں