جموں میں پولیس اسٹیشن اور فوجی کیمپ پر دہشت پسندانہ حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-27

جموں میں پولیس اسٹیشن اور فوجی کیمپ پر دہشت پسندانہ حملہ

Terrorists attack in Jammu
جموں میں آج زبردست طورپر مسلح 3عسکریت پسندوں نے ایک پولیس اسٹیشن اور ایک فوجی کیمپ پر دوہرا دہشت پسندانہ حملہ کرتے ہوئے 13افراد کو ہلاک کردیا جن میں ایک لفٹنٹ جنرل اور 6پولیس جوان شامل ہیں۔ اس واقعہ کے سبب وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ اور ان کے پاکستانی ہم منصب نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات پر سایہ پڑنے کا اندیشہ پیدا ہوگیاہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ ’فدائن‘ نے کٹھوعہ میں ہیرا نگر پولیس اسٹیشن پر شدید حملہ کیا۔ تھوڑی ہی دیر بعد قریبی علاقہ سامبامیں ایک فوجی کیمپ پر حملہ کیاگیا جس میں فوجی عملہ کے3ارکان بشمول لفٹنٹ کرنل جیت سنگھ ہلاک ہوگئے۔3زخمیوں میں کرنل کے درجہ کا ایک کمانڈنگ آفیسر شامل ہے۔ مذکورہ کیمپ میں16ویں گھڑسوار دستہ کو رکھاگیاتھا۔ بتایاجاتاہے کہ آج علی الصبح لگ بھگ6.45بجے 3عسکریت پسند عناصر، جموں۔پٹھان کوٹ قومی شاہراہ کے قریب مذکورہ پولیس اسٹیشن میں گھس آئے اور ایک گرینیڈ پھینکنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ڈی آئی جی شکیل بیگ نے بتایاکہ 4پولیس جوان بشمول ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر زخمی ہوگیا۔ اس حملہ میں ایک شہری کی بھی موت ہوگئی۔ بعدمیں عسکریت پسندوں نے مذکورہ شاہراہ پر ایک ٹیمپوٹرک کا اغواء کرلیااور اس کے ڈرائیور کو جموں کی طرف چلنے پر مجبور کردیا۔ اس ٹرک کو، سامبا میں فوجی کیمپ کے باہر روکاگیا اور عسکریت پسندوں نے سیکوریٹی گیٹ پر متعین جوانوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور اس کے بعد کیمپ پر حملہ کیا۔ یہ دہشت گرد عناصر فوجی میس میں بھی گھس آئے اور اندھا دھند فائرنگ کردی۔ سپاہیوں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔ آخری اطلاع آنے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ فوج نے کریک کمانڈوز اور کوئک ایکشن ٹیمس، کیمپ کے اندر روانہ کردیئے۔ اس حملہ سے ایک ہی دن قبل یعنی وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ امریکہ کے دورہ پر روانہ ہوئے جہاں آئندہ اتوار کو وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے ان کی ملاقات مقرر ہے۔ آج صبح ہوئے حملہ کو مذکورہ ملاقات کو سرحد پار سے ناکام بنانے کی کوشش سمجھاجارہاہے۔ سری نگر؍ نئی دہلی سے موصولہ آئی اے این ایس کی اطلاع کے بموجب پاکستان کے دہشت گردوں نے آج صبح جموں وکشمیر میں بدترین حملہ کرتے ہوئے 6 پولیس جوانوں،4سپاہیوں اور2سیویلینس کو ہلاک کردیا۔ مہلوکین میں ایک دکاندار اور ایک ٹرک ڈرائیور شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چھاپہ ماروں نے ایک ٹرک میں راہ فرار اختیار کیا اور پٹھان کوٹ۔ جموں شاہراہ پر سے گذرتے ہوئے سامبا ٹاؤن پر گولیاں برسائیں۔ اس کے بعد یہ عناصر ایک فوجی یونٹ میں گھس آئے جو جموں سے 35 کیلو میٹر کے فاصلہ پرہے۔ دریں اثناء مرکزی معتمد داخلہ انیل گوسوامی نے کہاکہ سامبا میں دہشت گردوں اور سیکوریٹی فورسس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہنوز جاری ہے۔ گوسوامی نے بتایاکہ ابتدائی اطلاعات کے بموجب3یا4 افراد کے ایک گروپ نے ہیرانگر میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور پھر سامبا ضلع ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا۔ ہمیں تفصیلی رپورٹ کا انتظارہے۔ آخری اطلاعات آنے تک انکاؤنٹر جاری تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آور عناصر فوجی وردی نما لباس میں ملبوس تھے۔

Terrorists attack police station and army camp in Jammu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں