سعودی عرب دوست اور برادر ملک - حسن روحانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-21

سعودی عرب دوست اور برادر ملک - حسن روحانی

ایرانی صدر حسن روحانی نے سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات پر زور دیاہے اور اسے ایک’دوست اور برادر‘ ملک قرار دیاہے۔ ایران کی ایک سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم کی رپورٹ کے مطابق حسن روحانی تہران میں حج حکام کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ’ان کی حکومت سعودی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مٰں چھوٹی موٹی تلخیوں کے خاتمہ کیلئے تیار ہے تاکہ دو طرفہ اور اسلامی دنیا کے مفادات کو پورا کیاجاسکے۔‘ حسن روحانی نے بتایاکہ’سعودی شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے تہنیتی خط اور میرے شکریہ کے جوابی خط میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا گیاہے۔‘ انہوں نے منگل کو ایک بیان میں کہاتھاکہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہترین ان کی خارجہ پالیسی کے ایجنڈہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ ایران کے متنازعہ نیوکلیئر پروگرام کے معاملہ پر مغربی طاقتوں کے ساتھ کھلے پن کی حکمت عملی اختیار کرنے کو تیار ہیں۔ واضح رہے کہ سابق صدر محمود احمدی نژاد کے دور حکومت میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے تھے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ دونوں ممالک علاقائی ایشوز، لبنان، شام اور مصر میں جاری تنازعات اور مسائل کے حوالے سے الگ الگ اور ایک دوسرے کے مخالف نقطہ نظر رکھتے ہیں۔مشرق وسطیٰ کی ان دونوں علاقائی طاقتوں کے درمیان کشیدگی اکتوبر2011ء میں اس وقت عروج پر پہنچ گئی تھی جب امریکہ میں متعینہ سعودی سفیر عادل الجبیر کے قتل کی سازش پکڑی گئی تھی۔ میڈیا میں اس واقعہ کو "ایران قتل سازش" قرار دیاگیاتھا اور امریکہ کے وفاقی ادارہ تحقیقات ایف بی آئی نے اس کو "آپریش ریڈکولیشن" کا نام دیاتھا۔ اس سازش کے الزام میں دو ایرانیوں منصور ارباب سینئر اور غلام شکری پر نیویارک کی ایک وفاقی عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

Iranian president Hassan Rouhani: Saudi Arabia is a 'friend and brother'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں