شام پر روسی منصوبہ کا جائزہ لینے امریکہ فرانس اور برطانیہ کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-11

شام پر روسی منصوبہ کا جائزہ لینے امریکہ فرانس اور برطانیہ کا اعلان

شام نے آج اپنے کیمیائی اسلحہ کے ذخائر کو بین الاقوامی کنٹرول کے تحت دینے کی، روس کی تجویز سے اتفاق کرلیا تاکہ" امریکی جارحیت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے" اس سے لگ بھگ 2ہی گھنٹے قبل صدر امریکہ بارک اوباما نے کہاتھا کہ اگر شام نے اپنے کیمیائی اسلحہ کے ذخیرہ کو بین الاقوامی کنٹرول کے تحت کردیاتو وہ (اوباما)، امریکہ کی زیر قیادت ایک امکانی فوجی حملہ کو "قطعی طورپر"روک رکھیں گے۔ روسی منصوبہ کا جائزہ لینے امریکہ کے علاوہ فرانس اور برطانیہ نے بھی اعلان کیاہے۔ عرب لیگ نے منصوبہ کی تائید کی جبکہ خلیجی تعاون کونسل نے اس کی مخالفت کی ہے۔ خلیجی عرب ریاستوں پر مشتمل خلیج تعاون کونسل(جی سی سی) کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے شام کے کیمیائی ہتھیاروں کو بین الاقوامی کنٹرول میں دینے سے متعلق پیش کردہ تجویز پر عمل درآمد سے خانہ جنگی کاشکار ملک میں جاری خونریزی ختم نہیں ہوگی۔ جی سی سی کے موجودہ صدر ملک بحرن کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ نے منگل کو جدہ میں نیوز کانفرنس میں کہاکہ"ہم نے اس تجویز (اقدام)کے بارے میں سنا ہے یہ تمام تر کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق ہے، لیکن اس سے شامی عوام کا بہنے والا خون تو بند نہیں ہوگا۔" واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل میں شامل چھ عرب ممالک شامی صدر بشارالاسد سے برسرپیکار حزب اختلاف اور ان کی فورسز کے خلاف محاذ آراء باغی جنگجوؤں کے سب سے بڑے حامی ہیں اور وہ بشار الاسد کے اقتدار کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ اس کیلئے وہ امریکہ کی ممکنہ فوجی کاروائی کی بھی حمایت کررہے ہیں۔ اسی لئے انہوں نے روسی وزیرخارجہ کی شام کے کیمیائی ہتھیاروں کو بین الاقوامی کنٹرول میں دینے کی تجویز کی مخالفت کی ہے ۔ جی سی سی کے وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کی ریاستیں باغیوں کی حمایت کی بنیاد پر اپنے خلاف کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کوتیار ہیں۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے گذشتہ روزشام پر زور دیاتھا کہ وہ فوجی حملوں سے بچنے کے لئے اپنے کیمیائی ہتھیاروں کو بین الاقوامی کنٹرول میں دے دے۔ شام نے روس کی یہ تجویز قبول کرلی ہے۔ ان کے اس بیان سے قبل امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے اعلان کیاتھاکہ اگر شامی صدر بشارالاسد ایک ہفتے کے اندر اپنے تمام کیمیائی ہتھیاروں سے دستبردار ہوجاتے ہیں تو وہ امریکہ کے فوجی حملے سے بچ سکتے ہیں۔

World welcomes Russia's plan for resolution of Syrian crisis

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں