پاکستان میں طاقتور زلزلہ - 15 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-29

پاکستان میں طاقتور زلزلہ - 15 ہلاک

جنوب مغربی پاکستان کو آج ایک طاقتور زلزلے نے دہلاکر رکھ دیا جس میں کم ازکم 15افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک ہفتہ قبل بلوچستان میں آئے زلزلہ میں 500افراد ہلاک ہوئے۔ ذرائع نے بتایاکہ زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی عوام خوف کے عالم میں گھروں سے نکل پڑے۔ زلزلہ کا مبداء صوبہ بلوچستان بتایاگیاہے۔ آواران کے نوکجو موضع میں 8افراد ہلاک ہوئے۔ مزید4ہلاکتیں مشکے علاقے میں ہوئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ یہ زلزلہ گذشتہ ہفتہ آئے زلزلہ کے مابعد اثرات کانتیجہ تھا جس میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان جان محمد بولیدی نے بتایاکہ چند مکانات کو نقصان پہنچاہے لیکن منگل کے زلزلہ میں جومکانات کمزور پڑگئے تھے وہ آج منہدم ہوگئے۔ پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آج کے زلزلہ کی شدت7.2بتائی ہے۔ لیکن امریکی جیولوجیکل سروے نے اس کی شدت6.8 بتائی۔اس کا مبداء آواران ضلع سے96کیلومیٹر شمال مشرق میں بتایاگیا۔ ڈپٹی کمشنر رشید بلوچ نے کہاکہ 60کچے مکانات منہدم ہوگئے۔ قبل ازیں زلزلہ کے 4مہلوکین کی بھی معشیں نکالی گئیں۔ ایک سرکاری اسپتال کی دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں۔ بلوچ نے کہاکہ آواران میں بچاؤ مہم شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاقہ میں مواصلاتی نظام کی عدم موجودگی امدادی کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ آج جب زلزلہ محسوس کیاگیاتب صوبائی اسمبلی کا سیشن جاری تھا۔ ٹیلی ویژن تصاویر میں وزراء اور قانون سازوں کو اسمبلی سے باہر آتا ہوا دکھایاگیا جب کہ ایوان کو عجلت میں معطل کردیاگیا۔ مابعد جھٹکے کچھ خضدار، کلات اور دیگر قصبوں میں بھی محسوس کئے گئے۔ قومی مرکز برائے مطالعات زلزلہ کے ڈائرکٹر زاہد رفیع نے بتایاکہ جنوبی صوبہ سندھ میں حیدرآباد اور نوشیرہ فیروزشکارپور اور کراچی تک زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے انہوں نے کہاکہ مزید مابعد جھٹکے آسکتے ہیں۔ منگل کے زلزلہ میں تقریباً50 ہزار افراد بے گھر ہوگئے۔

A powerful earthquake in Pakistan has killed at least 15 people

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں