ایران سے کروڈ آئیل درآمدات میں اضافہ پر غور - اجلاس کی طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-10

ایران سے کروڈ آئیل درآمدات میں اضافہ پر غور - اجلاس کی طلبی

india crude oil imports from Iran
وزیراعظم کے دفتر نے ایک ایسے وقت جبکہ تیل کی درآمدات کے بل میں اضافہ سے،کرنٹ اکاؤنٹ ریکارڈ خسارہ پر قابو پانے کی کوششیں، متاثر ہورہی ہیں، ایران سے کروڈ آئیل کی درآمدات میں اضافہ پر غور کیلئے اس ہفتہ میں ایک میٹنگ طلب کی ہے تاکہ ڈالر میں ادائیگیوں کو کم کیاجاسکے۔ وزیراعظم کے پرنسپال سکریٹری پلوک چٹرجی نے تیل کے درآمدی بل کو گھٹانے کے اقدامات پر غور کے مقصد سے یہ میٹنگ طلب کی ہے ۔سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اس میٹنگ میں معتمد خارجہ سجاتا سنگھ، معتمد وزارتِ تیل ویویک رائے، معتمد تجارت ایس آر راؤ اور معتمد معاشی امور اروند مایارام بھی شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس، ایران سے آئیل کی درآمد میں اضافہ اور اختراعی مینجمنٹ سے متعلق مسائل پر غور کرے گا۔ ہندوستان نے، جس نے2012-13میں 144.3 بلین ڈالر مالیت کاکروڈآئیل درآمد کیاہے، جاریہ مالیاتی سال کے4اولین مہینوں میں تیل کی درآمد پر پہلے ہی 47.13بلین ڈالر خرچ کرچکاہے۔ معتبر ذرائع نے بتایاکہ حکومت، سرکاری زیر انتظام کمپنیوں سے یہ خواہش کرنے پر غور کررہی ہے کہ کروڈ کی درآمدات کی،2012-13کی سطح کو باقی رکھاجائے۔ یہ سطح 105.96ملین ٹن رہی ہے۔ اس سطح کی برقراری کی صورت میں، زر تبادلہ کی شکل میں 1.76بلین ڈالر کی بچت ہوگی۔ حکومت، کروڈ کے اس ذخیرہ کو بھی کم کرنے پر غور کررہی ہے۔ کمپنیاں، بحالت موجودہ 7-14دنوں کا ذخیرہ رکھتی ہیں۔ اب اس کو 2-3روز کے ذخیرہ تک محدود کیاجاسکتاہے تاکہ ذخیرہ کی برقراری میں ان کمپنیوں کے لاکھوں ڈالر جوبینکوں میں ’پھنسے ‘ہوئے ہیں، وہاں سے نکالے جاسکیں۔ ایران سے کروڈ کی درآمدات میں اضافہ بھی ایجنڈہ میں شامل ہے۔ وزیرصنعتِ تیل ایم ویرپا موئیلی کا خیال ہے کہ جاریہ مالیاتی سال کے مابقی حصہ میں ایران سے 11 ملین ٹن تیل درآمد کرتے ہوئے 8.47 بلین ڈالر کی بچت کی جاسکتی ہے کیونکہ ایران کو، تیل کی قیمت ڈالر کے بجائے روپیئے میں ادا کی جاتی ہے ۔ جاریہ مالیاتی سال کے دوران اب تک تقریباً 20لاکھ ٹن کروڈ آئیل، ایران سے درآمد کیاجاچکاہے۔ امریکہ اور مغربی ممالک نے چونکہ ادائیگی کے تمام طریقہ روک دیئے ہیں، ہندوستان، ایران کو روپیوں میں ادائیگی، کولکتہ میں یوکوبنک برانچ میں کرتاہے۔ ہندوستان نے گذشتہ مالیاتی سال ایران سے 13.1ملین ٹن تیل درآمد کیاتھا۔ ہندوستان نے 2012-13 میں ایران سے 13.14ملین ٹن تیل درآمد کیا تھا جبکہ سال ماقبل 18.11ملین ٹن تیل ایران سے درآمد کیاگیاتھا۔ 2010-11تک بھی ایران، سعودی عرب کے بعد ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا تیل سربراہ کنندہ ملک تھا لیکن اب چھٹے نمبر پر آگیاہے۔

PMO calls meeting to discuss raising oil imports from Iran

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں