مظفر نگر کی صورتحال پر سپریم کورٹ کی نظر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-20

مظفر نگر کی صورتحال پر سپریم کورٹ کی نظر

سپریم کورٹ نے آج کہاہے کہ وہ آخر تک مظفر نگر فسادات کی تحقیقات اور گڑبڑ زدہ علاقوں میں راحت اور بازآبادکاری کے کاموں پر نظر رکھے گی۔ عدالت نے اترپردیش کی حکومت سے کہاکہ وہ اس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں ایک رپورٹ داخل کرے۔ چیف جسٹس پی ستاسیوم کی زیرقیادت بنچ نے کہاکہ وہ موجودہ صورتحال سے واقف ہے اور ضرورت پڑنے پر ہدایت جاری کرے گی۔ عدالت نے یہ ہدایت بھی دی کہ الہ آبادہائی کورت میں زیر التواء مفادعامہ کی درخواست کو سپریم کورٹ منتقل کیاجائے۔ بنچ نے جس میں جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی اور جسٹس رنجن گوگوئی بھی شامل تھے کہاکہ ہم رٹ درخواست کوبند نہیں کررہے ہیں ہم آخر تک اس واقعہ پر نظر رکھیں گے۔ ہم کوئی قطعی حکم جاری نہیں کررہے ہیں۔مرکز نے بنچ کو یقین دلائی کہ وہ ریاستی حکومت کی ہر طرح سے مدد فراہم کرنے کی پابند ہے۔ اٹارنی جنرل جی ای واہنوتی نے کہاکہ میں یہ غیر مشروط بیان دے رہاہوں کہ ریاستی حکومت کو جس چیز کی بھی ضرورت ہوگی چاہے یہ مالی امداد ہویاسیکوریٹی عملہ کی ضرورت مرکز کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔ یہ ایک انسانی سانحہ ہے اور ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ عدالت نے مرکز، ریاستی حکومت اور درخواست گذاروں کے دلائل سننے کے بعد اس کیس کی آئندہ سماعت 26ستمبر کو مقرر کی۔ بنچ نے وکلاء کی صبر کے ساتھ سماعت کی لیکن متنبہ کیا کہ انہیں صرف برائے نام درخواستیں داخل نہیں کرنی چاہئے۔اگرانہیں فرقہ وارانہ ہم آہنگی بحال کرنے میں حقیقی دلچسپی ہے تو انہیں متاثرین کی مدد کرنی چاہئے اور کوئی تشہیر نہیں کرنی چاہئے۔بنچ نے سوال کیاکہ کیا آپ واقعی متاثرہ خاندانوں کو مددکرنا چاہتے ہیں یا صرف تشہیر چاہتے ہیں۔ ہم کتنی رٹ درخواستوں اور درخواستوں کی سماعت کریں گے۔

We will monitor Muzaffarnagar violence till the end: Supreme Court

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں