مظفر نگر فساد - ہلاک شدگان کے ورثا کو سرکاری نوکری کا حکم جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-28

مظفر نگر فساد - ہلاک شدگان کے ورثا کو سرکاری نوکری کا حکم جاری

مظفر نگر اورآس پاس کے اضلاع میں بلوہ میں مرنے والوں کے ورثاء کے لئے سرکاری نوکری کا حکم ریاستی حکومت کی جانب سے جمعہ کو دیر رات جاری کردیاگیا۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ اکھلش یادو نے گذشتہ15؍ستمبر کو مظفر نگر کے دورہ کے موقع پر اعلان کیاتھا کہ مہلوکین کے اہل خانہ میں سے ایک شخص کو لیاقت کی بنیاد پر سرکاری نوکری دی جائے گی۔ سرکاری ترجمان کے مطابق تشدد وارداتوں میں62؍افراد کی موت ہوئی جس میں5مہلوکین کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ ایک مقتول کے وارثین18سال سے کم عمر کے ہیں لہٰذا جب وہ 18سال کی عمر پوری کریں گے تب انہیں سرکاری نوکری دی جائے گی۔ اس طرح فی الحال 56افراد کو نوکری دینے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کے ترجمان نے بتایاکہ سہارنپور کے منطقائی کمشنر کی طرف سے25؍ستمبر کو موصول ہونے والی تجویز پر کاروائی کرتے ہوئے 9؍ افراد کو گروپ"گا" کے عہدے پر نوکری دلائی جائے گی، جس میں7؍عہدے پنچایتی راج محکمہ میں اور 2؍عہدے بیسک شکشا محکمہ میں ہیں۔ دیگر47؍معاملات میں وارثوں کی تعلیمی لیاقت گروپ'گا'کے عہدوں کے مطابق نہیں ہے چنانچہ ان کی تقرری گروپ"گھا" کے عہدوں پر کی جائے گی۔ ان افراد کو ریونیو، تعمیرات عامہ، دیہی ترقی محکمہ، طب وصحت اور کنبہ بہبود محکمہ میں نوکری دینے کا فیصلہ کیاگیاہے اس سلسلہ میں متعلقہ پرنسپل سکریٹری، سکریٹری، منطقائی کمشنر اور ضلع مجسٹریٹوں کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

Muzaffarnagar riot victims to get government jobs: UP govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں