رقم کی ادائیگی کے الزام کی تردید - جموں و کشمیر وزیر زراعت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-26

رقم کی ادائیگی کے الزام کی تردید - جموں و کشمیر وزیر زراعت

Ghulam Hassan Mir
جموں وکشمیر کے وزیرزراعت غلام حسن میر نے اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے ان الزامات کی تردید کردی ہے کہ انہیں کوئی رقم ادا کی گئی تھی۔ میرنے ایسے الزامات کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیا ۔ سابق سربراہ افواج جنرل وی کے سنگھ کے انکشافات کا کوئی ذکر کئے بغیر انہوں نے کہا کہ وہ(میر)بہ تعین مدت تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہیں۔ آج سہ پہر انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ "حال ہی میں بعض گوشوں سے مشترکہ طورپر یہ کوششیں کی جاتی رہی ہیں کہ میری سیاسی وفاداری اور مقبولیت پر ضرب لگائی جائے۔" میر نے کہاکہ جو الزامات عائد کئے گئے ہیں وہ سیاسی محرکات پر مبنی اور انتہائی احمقانہ ہیں۔ "گذشتہ چند روز سے اٹھائے گئے تنازعات پر میں خاموشی اختیار کئے ہوئے تھا لیکن اب میں زبان کھولنے پر مجبور ہوگیا ہوں کیونکہ ان تنازعات کے ذریعہ نہ صرف میری مقبولیت کا داغدار کرنے کی کوشش کی گئی ہے بلکہ ان عوام کی توہین بھی کی گئی ہے جن کی تائید سے اور جن کے اعتماد کے سبب آج میں یہاں ہوں۔ میں، منتخب ہواہوں اور3مرتبہ وزیر رہاہوں۔ کوئی ادارہ یا ایجنسی، مقبولیت پیدا نہیں کرسکتی۔ مجھے، تمام تر قوت کے ساتھ یہ کہنے دیجئے کہ میں، ہمیشہ ہی جمہوریت کا اور جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کا علمبردار رہا ہوں۔ میری ساکھ کے بارے میں مجھے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ میرے عوام ہی میرے کردار اور کارکردگی کے بہترین جج ہیں۔ میرے بارے میں جو جھوٹی باتیں پھیلائی جارہی ہیں، میں ان سے مرعوب ہونے والا نہیں ہوں۔ میں سچائی کا علمبردار ہوں۔ اگر منصفانہ تحقیقات ہوں تو سچائی سامنے آجائے گی اور میرے موقف کی تائید ہوگی۔ اس لئے میں مذکورہ الزامات کی، ایک کھلی اور بہ تعین مدت تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہوں۔" غلام حسن میر نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر کے عوام کو "سیاسی کھلاڑیوں"کے بارے میں یہ ساری باتیں جاننے کا استحقاق ہے۔

Ghulam Hassan Mir denies corruption charges

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں