مدھیہ پردیش میں مولانا آزاد یونیورسٹی مرکز کیلئے اراضی الاٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-20

مدھیہ پردیش میں مولانا آزاد یونیورسٹی مرکز کیلئے اراضی الاٹ

حکومت مدھیہ پردیش نے مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی کو سالانہ ایک روپیہ کی علامتی لیز پر اراضی الاٹ کردی ہے۔ قبل ازیں حکومت نے اراضی کے چارجس سے استثنیٰ کے لئے ایک اہم شرط رکھی تھی جس کی وجہ سے ریاست میں قومی یونیورسٹی مرکز کے قیام کی تجویز کی منسوخی کا خطرہ پیدا ہوگیاتھا۔ اواخر سال میں اسمبلی انتخابات سے قبل یہ فیصلہ کیاگیاہے۔ یہ اندیشہ بھی تھاکہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائے گا اور اس کے بعد کوئی پالیسی فیصلے نہیں کئے جاسکیں گے۔ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کی زیر قیادت کل شام منعقدہ کابینہ اجلاس میں یونیورسٹی مرکز کے لئے یہاں پیپل نیر موضع میں6.44ایکٹر قطعہ اراضی ایک روپیہ کی علامتی لیز پر دینے کی تجویز کو منظوری دے دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ اس اراضی کی بازاری قیمت14کروڑروپیہ کے آس پاس ہے۔ ریاستی وزیراعلیٰ تعلیم لکشمی کانت شرما نے آج کہاکہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ایک مرکزی جامعہ ہے ۔ یونیورسٹی مرکز کی قیادت کیلئے ان کی درخواست موصول ہونے پر ہمنے اس تجویز کو منظوری دی ہے اردو کے فروغ کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ حیدرآباد میں قائم قومی یونیورسٹی کے 13علاقائی اور ذیلی علاقائی مراکز ہیں۔ بھوپال سنٹر اور کالج آف ٹیچر ایجوکیشن فی الحال کرایہ کی عمارت میں قائم ہے۔ یونیورسٹی کو گذشتہ سال دسمبر میں اراضی الاٹ کردی گئی تھی تاہم 13.75 کروڑ روپیہ پریمیم اور27.5 لاکھ روپیہ سالانہ کرایہ ادا کرنے کی شرط رکھی گئی تھی۔ بعدازاں یونیورسٹی نے دیگر مرکزی اداروں کی طرح اسے بھی استثنیٰ دینے کی درخواست کی تھی۔ یونیورسٹی کے ڈائرکٹر محمداحسان نے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو بتایاکہ اس فیصلہ سے سماج کے ایک بڑے طبقہ کو فائدہ ہوگا۔ یونیورسٹی فی الحال آئی ٹی آئی، پالی ٹکنک، بی ایڈ اور ایم ایڈ کے کورس چلارہی ہے۔ وہ لڑکیوں کے لئے اسکول اور کالج کھولنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ آئی ٹی آئی اور پالی ٹکنک کورس کیلئے کوئی فیس نہیں لی جاتی جبکہ یونیورسٹی بی ایڈ کورس کیلئے ہر طالب علم سے سالانہ 4500روپیئے فیس وصول کرتی ہے۔

MP cabinet clears land waiver for Bhopal centre of the Maulana Azad National Urdu University (MANUU).

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں