صدر جمہوریہ کے ہاتھوں آج قومی فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈس کی تقسیم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-09-20

صدر جمہوریہ کے ہاتھوں آج قومی فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈس کی تقسیم

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی،20ستمبر کو ممتاز شخصیتوں کو قومی فرقہ وارانہ ہم آہنگی ایوارڈس برائے سال2011 اور 2012عطا کریں گے۔نیشنل فاؤنڈیشن برائے فرقہ وارانہ یکجہتی نے قومی فرقہ وارانہ یکجہتی کے2ایوارڈس قائم کئے ہیں جو ہر سال عطا کئے جاتے ہیں۔ ایک ایوارڈ، کسی ممتاز شخصیت کو اور دوسرا ایوارڈ کسی ادارہ کو دیاجاتاہے۔ ایوارڈ پانے والوں کا انتخاب ایک طویل فہرست سے کیا جاتاہے۔ یہ انتخاب، نائب صدر جمہوریہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ جیوری کرتی ہے یہ ایوارڈس کسی شخصیت کے لئے ایک توصیف نامہ اور2لاکھ روپیہ نقد رقم پر مشتمل ہوتاہے اور کسی ادارہ کیلئے ایک توصیف نامہ اور5لاکھ روپیہ نقد رقم پر مشتمل ہوتاہے۔ استثنائی اور مستحق صورتوں میں کسی سال ایک سے زائد ایوارڈ یافتگان کا انتخاب کیاجاسکتاہے۔ اب تک یہ ایوارڈس11 ممتاز شخصیتوں اور10اداروں؍تنظیموں کو دیئے جاچکے ہیں۔ حکومت ہند نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور قومی یکجہتی کو استحکام بخشنے 1992ء میں ایک بااختیار ادارہ نیشنل فاؤنڈیشن برائے فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کیاتھا۔ حکومت، عدم تشدد پر ایقان کو فروغ دینے اور سماج کے مختلف طبقات کے مابین اتحاد کے بندھنوں کو مستحکم کرنے کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتی آرہی ہے۔ مذکورہ فاؤنڈیشن، فرقہ وارانہ، ذات پات پر مبنی، نسلی یا دہشت پسندانہ تشدد کے شکار بچوں کی جسمانی اور نفسیاتی بازآبادکاری کے لئے امداد فراہم کرتاہے۔

Pranab Mukherjee presents National Communal Harmony Awards

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں