مساوی مواقع کمیشن بل - مانسون اجلاس میں پیشکشی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-04

مساوی مواقع کمیشن بل - مانسون اجلاس میں پیشکشی

مساوی مواقع کمیشن کی تشکیل کیلئے ایک بل جس کا طویل عرصہ سے انتظار تھا، پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس کا پیر سے آغاز ہورہا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ سچر کمیٹی کی اہم سفارشات میں اس کمیشن کا قیام بھی شامل ہے۔ وزیر اقلیتی امور کے رحمن خان نے آج یہاں بتایا کہ اس بل کی نوک پلک درست کی جارہی ہے اور آنے والے اجلاس میں اسے متعارف کرایا جائے گا۔ وزیراعظم کی جانب سے 2005ء میں تقرر کردہ سچر کمیٹی نے جسے ہندوستانی مسلمانوں کی پسماندگی کا جائزہ لینے کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی، مسلمانوں کیلئے تعلیم، روزگار، سماجی اور رہائشی سہولتوں کو یقینی بنانے مساوی مواقع کمیشن قائم کرنے کی سفارش کی تھی۔ وزیر اقلیتی امور نے کہاکہ انہوں نے گذشتہ ماہ برطانیہ کا دورہ کیا تھا تاکہ ان کے مساوی مواقع کمیشن کے ماڈل کا جائزہ لے سکیں۔ وزیر اقلیتی امور نے کہاکہ انہوں نے برطانیہ میں مختلف مذاہب کے افراد اور مقامی حکومت کے سکریٹری آف اسٹیٹ ایرک پکلس اور مساوی مواقع و انسانی حقوق کمیشن کے چیر پرسن بیرونس اونیل سے ملاقات کی۔ مسلمان ہندوستان کی مجموعی آبادی کا تقریباً 14فیصد ہے لیکن ملک کی سرویسس میں ان کا حصہ صرف ڈھائی فیصد ہے۔ رحمن خان نے کہاکہ مجوزہ کمیشن اقلیتوں کی معاشی، تعلیمی و سماجی ترقی کے مساوی مواقع کو یقینی بنانے کیلئے بے حد کارآمد ثابت ہوگا۔ اس کمیشن کے قیام کیلئے کافی عرصہ سے کام ہورہا تھا اور مجوزہ قانون سازی کیلئے کئی بین وزارتی مشاورتیں کی گئی تھیں۔

Equal opportunities Bill coming in monsoon session: K Rehman

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں