تمام دہشت گردوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا عزم - حکومت ہند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-30

تمام دہشت گردوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا عزم - حکومت ہند

حکومت نے آج عہد کیا ہے کہ ہندوستان کے خلاف جنگ کرنے والے تمام عناصر کو پکڑنے اور ایسے تمام دہشت گردوں کو سلاخوں کے پیچھے بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔ مرکزی منسٹر ااف اسٹیٹ برائے امور داخلہ آر پی این سنگھ نے بتایا کہ یٰسین بھٹکل، جس کو کل گرفتار کیاگیا، لشکر طیبہ کے کارکن عبدالکریم ٹنڈا سے بڑا دہشت گرد ہے۔(حال ہی میں ٹنڈا کو دہلی پولیس نے گرفتار کیاتھا)۔ سنگھ نے یہاں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ’’حکومت، دہشت گردی کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ ایسے تمام دہشت گردوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالنے تک ہم، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔‘‘ انہوں نے بتایاکہ یوپی اے حکومت نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ملک کی سرزمین سے اور بیرون ملک سے ہندوستان کے خلاف جنگ کرنے والے تمام افراد کا پیچھا کیاجائے گا ۔ سنگھ نے کہاکہ’’میں اس موقع پر پھر ایک بار مرکزی ایجنسیوں کو مبارکباد دیتاہوں۔ ٹنڈا کی گرفتاری کے بعد ہم نے پھر ایک بار ایک بڑے دہشت گرد کو گرفتار کرلیاہے۔ میں، دہشت گردوں کے خلاف لڑائی کے ہمارے عزم کا اعادہ کرتاہوں۔ مجھے امید ہے کہ جہاں تک دہشت گردی کا تعلق ہے، سیاست نہیں کی جائے گی۔ اسی دوران سابق مرکزی معتمد داخلہ آر کے سنگھ نے کہاہے کہ انڈین مجاہدین کے اسطبل میں یٰسین بھٹکل ایک ’’انتہائی متحرک، دہشت گردہے، اور اس کی گرفتاری ایک عظیم کامیابی ہے۔‘‘ یہ شخص آئی ایم گروپ میں انتہائی سرگرم دہشت گرد رہاہے۔ وہ خود ہی ایک بم رکھنے والا، آرگنائزر اور بے حد متحرک دہشت گردہے۔‘‘ (آر کے سنگھ، حال تک، ملک کے داخلی سیکوریٹی ڈھانچہ میں ایک اعلیٰ عہدیدار تھے۔) انہوں نے بتایاکہ ہم اس کا پیچھا کررہے تھے اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ اس کی گرفتاری عظیم کامیابی ہے۔ پٹنہ سے آئی اے این ایس کے بموجب یٰسین بھٹکل کی گرفتاری کی کاروائی کو انتہائی راز میں رکھا گیاتھا۔ حتیٰ کہ اس کی گرفتاری کے بعد بھی بہار کے صرف چند اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو اس کی اطلاع تھی اور ان عہدیداروں کو بھی یہ نہیں بتایاگیاتھاکہ پوچھ تاچھ کے لئے یٰسین بھٹکل کو کہاں پکڑ رکھاگیاہے۔ بہار پولیس چیف ابھئے آنند نے بتایاکہ یٰسین بھٹکل کی گرفتاری میں بہار پولیس کا اہم رول رہاہے۔ ابھئے آنند نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ’’وہ بہار پولیس تھی جس نے یٰسین بھٹکل کی گرفتاری میں این آئی اے اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کی بڑی مدد کی ہے۔ بھٹکل کو کل رات ہند۔نیپال سرحد پر گرفتار کیاگیاتھا اور اب وہ بہار پولیس کی تحویل میں ہے۔ بہار پولیس کے عہدیداروں نے ایک خفیہ مقام پر اس سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ ضلع مشرقی چمپارن کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ونئے کمار نے بتایاکہ یٰسین بھٹکل کو دہلی لے جائے جانے سے قبل سخت سیکوریٹی کے تحت رکسول سے موتی ہار لے جایا جائے گا۔ پٹنہ میں پولیس ہیڈ کوارٹرپر ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ آخری لمحہ تک بھی بھٹکل کی گرفتاری کی ساری کاروائی کو انتہائی راز میں رکھا گیاتھا۔

We will hunt down all those who waged against India: Govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں