8 dead in Vadodara twin building collapse; Narendra Modi orders probe
گجرات کے بڑودہ میں آج علی الصبح 2 عمارتوں کے منہدم ہونے سے کم از کم 8افراد ہلاک ہوگئے اور 40دیگر کے ملبہ کے نیچے دبے ہونے کا اندیشہ ہے ۔ بڑودہ کے ضلع مجسٹریٹ ونود راؤ نے بتایا کہ شہر کی مادھو نگر بستی میں صبح4-30بجے کیتن منجلی نامی کالونی میں 2ہمہ منزلہ عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ لوگ حالت نیند میں ہی ان عمارتوں کے ملبہ میں دب گئے۔ انہوں نے بتایا کہ بچاؤ اور راحت رسانی کے لئے فائر بریگیڈ اور انتظامیہ کے عہدیدار کے علاوہ گجرات کے وزیر فائنانس نتن پٹیل اور وزیرتوانائی سوروبھ پٹیل موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ چیف منسٹر نریندر مودی نے حادثہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے اور مرنے والوں کے رشتہ داروں کو دو،دو لاکھ روپیئے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ محکمہ فائر بریگیڈ نے موقع کی نزاکت کے پیش نظر اپنے تمام عہدیداروں کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت دیتے ہوئے بریگیڈ کال کا اعلان کیا ہے۔ بڑودہ میونسپل کارپوریشن کے فائر بریگیڈ کے عہدیدار ایچ جے ٹپاریہ نے بتایاکہ ان عمارتوں میں 13یا14خاندان آباد تھے جنہیں بڑودہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے تعمیر کیاتھا۔ زخمیوں کو خانگی ہاسپٹلوں میں علاج کیلئے بھرتی کرایاگیاہے۔ ابھی تک صرف 14افراد کو ہی بچایا جاسکاہے جبکہ ملبہ کے نیچے 40 افراد کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔ چند سال بڑودہ شہر کے نواحی موضع اٹلاوارا کو ایک نئی کالونی بنانے کیلئے یہاں عمارتوں کی تعمیر کی گئی تھی۔ یہ دوعمارتیں2002ء میں تعمیر کی گئیں۔ چیف منسٹر نریندر مودی نے سابق چیف سکریٹری منجولا سبرامنیم کی قیادت میں ایک تحقیقات کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ لوگوں نے ناقص میٹریل کا استعمال کرتے ہوئے عمارتوں کی تعمیر کا الزام عائد کیا ہے ۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں