ہندوستانی بحریہ کی غرق شدہ آبدوز سے عملہ کے بچنے کی امیدیں ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-17

ہندوستانی بحریہ کی غرق شدہ آبدوز سے عملہ کے بچنے کی امیدیں ختم

Sindhurakshak submarine hopes dies
ہندوستانی بحریہ کی غرض ہوجانے والی آبدوز کشتی آئی این ایس سندھو رکھشک کے ارکان عملہ کے زندہ بچ جانے کی امیدیں آج دم توڑ گئیں جبکہ بچاؤ کارروائی کرنے والوں نے سلسلہ وار دھماکوں اور آگ بھڑک اٹھنے کے بعد غرق ہوجانے والی روسی ساختہ ہندوستانی بحریہ کی آبدوز آئی این ایس سندھو رکھشک سے مزید چار نعشیں برآمد کیں جو بے حد مسخ ہوچکی تھی۔ آبدوز کشتی پر سلسلہ وار بم دھماکوں کے دو سے زیادہ دنوں کے بعد اس میں سوار 18 ارکان عملہ کے زندہ بچ جانے کی امیدیں موہوم ہوگئی ہے۔ دھماکوں کے بعد آبدوز پر زبردست آگ بھڑک اٹھی تھی۔ ہندوستانی بیرہ کے غوطہ خوروں نے آج صبح سے اب تک غرق آبدوز کشتی سے "انتہائی مسخ" چار نعشیں برآمد کیں۔ ترجمان نریندروسپو ٹے نے کہاکہ یہ نعشیں اتنی بری طرح جھلس گئی ہیں کہ ان کی برسر موقع شناخت بھی ناممکن ہے۔ نعشیں بحریہ کے ہاسپٹل آئی این اے ایس اشونی پر منتقل کردی گئی ہیں تاکہ ڈی این اے ٹسٹ کے ذریعہ ان کی شناخت ہوسکے۔ بحریہ کے سربراہ اڈمیرل ڈی کے جوشی نے حادثہ کے مقام کا معائنہ کرنے کے دوران جبکہ ان کے ساتھ وزیر دفاع اے کے انٹونی بھی تھے، کہا تھا کہ کرشمے بھی ہوا کرتے ہیں ممکن ہے کہ آبدوز کشتی پر کچھ حصوں میں ہوا موجود ہو اور ارکان عملہ اس حصہ میں منتقل ہوکر سانس لے رہے ہوں تاہم آج صبح جاری کردہ بحریہ کے بیان سے ایک المناک تصویر سامنے آگئی جبکہ آبدوز کشتی کے اندر زندہ افراد کے دستیاب ہونے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ آبدوز کشتی دھماکوں کے بعد جزوی طورپر غرق ہوگئی تھی کیونکہ اس مقام پر سمندر کم گہرا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آبدوز کشتی کے اندر کنٹرول روم کے آس پاس ہونے والی تباہی اور نقصان سے معلوم ہوتا ہے کہ زندہ بچ جانے والے ارکان عملہ کی دستیابی کا امکان موہوم ہے۔ آبدوز کشتی کے اگلے حصہ سے ہی نعشیں دستیاب ہوئی ہے جبکہ دھماکے آبدوز کے دور افتادہ حصہ میں ہوئے تھے تاہم ان کی شدت بہت زیادہ تھی اور ان سے پیدا ہونے والی حدت بھی اتنی زیادہ تھی کہ آبدوز کشتی کا اندرون فولاد تک پگھل گیا ہے۔ نعشیں بھی جھلس کر مکمل طورپر خاکستر ہوگئی ہے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی یوم آزادی تقریب سے خطاب کے دوران اس حادثہ کو اور بھی زیادہ دردناک قراردیا کیونکہ یہ عین یوم آزادی تقریب سے قبل پیش آیا ہے۔

Hope dies as 5 bodies pulled out of Sindhurakshak submarine

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں