جموں و کشمیر کے کرفیو زدہ ضلع کشٹوار میں کشیدگی برقرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-11

جموں و کشمیر کے کرفیو زدہ ضلع کشٹوار میں کشیدگی برقرار

جموں و کشمیر کے کشٹوار ضلع میں ہوئی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج کرفیو زدہ علاقوں میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں 3افراد زخمی ہوگئے جبکہ 7افراد جموں شہر میں سنگباری، پولیس کے لاٹھی چارج وغیرہ میں زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ایک سینئر پولیس عہدیدار بھی شامل ہے۔ جموں میں پولیس کی جانب سے برہم ہجوموں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے شلس بھی برسانے پڑے۔ کشٹوار میں ہوئی جھڑپوں کے خلاف آج جموں اور اس کے اطراف کے علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور یہاں بند منایاگیا۔ فوجی دستوں کی جانب سے تشدد سے متاثرہ ضلع کشٹوار میں پٹرولنگ کی گئی جبکہ مقامی انتظامیہ نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور امتناعی احکام کی خلاف ورزی نہ کریں۔ اسی ضلع میں گلاب گڑھ علاقہ کے پیڈار میں کچھ جھڑپوں کی اطلاع ہے جہاں آگ زنی کے واقعات پیش آئے جن میں کچھ دوکانیں خاکستر ہوگئیں۔ ریاستی پولیس سربراہ اشوک پرساد نے کہاکہ کشٹوار میں کل سے ہوئی جھڑپوں میں 3افراد فائرنگ میں زخمی ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے عوام سے کہا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ کچھ مفادات حاصلہ کی جانب سے وادی کشمیر میں لا اینڈ آر ڈر کا مسۂ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جموں میں آج بند منایا گیا اور اس میں 48 گھنٹوں تک توسیع کردی گئی۔ جموں اور اطراف کے علاقوں میں عام زندگی متاثر رہی۔ کشٹوار میں کل ہوئی جھڑپوں میں 2افراد ہلاک ہوگئے تھے اور زائد از 20زخمی ہوئے تھے۔ جموں و کشمیر ہائی وے کو کئی مقامات پر بند رکھا گیا ہے کیونکہ مظاہرین نے وہاں ٹائرس جلائے تھے اور وہ دھرنا پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ بی جے پی، بجرنگ دل اور وی ایچ پی کے کئی کارکنوں نے آج جموں شہر میں مارچ کیا تاکہ کشٹوار تشدد پر احتجاج کیا جاسکے۔ بعدازاں ان کا پولیس اور سی آر پی ایف عملہ سے تصادم ہوا۔ وہاں سنگباری کے واقعات پیش آئے۔ پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شلس برسائے جس میں 7افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ان میں پولیس اور سی آر پی ایف کے 4 اہلکار بھی شامل ہیں۔ تمام دوکانیں اور کاروباری ادارے آج بند رہے اور جموں شہر میں سڑکوں پر ٹریفک نہیں رہی۔ حکومت نے بند کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں کیلئے تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ جموں میں بی جے پی، وی ایچ پی، بجرنگ دل اور شیوسینا کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور حکومت کے خلاف ریالیاں منظم کی گئیں۔ ڈویژنل کمشنر جموں مسٹر شنتمانو نے بتایاکہ کشٹوار میں آج دوسرے دن بھی کرفیو جاری رہا۔ یہاں فوج کو متعین کردیا گیا تھا جس کے بعد صورتحال میں بہتری پیدا ہوئی ہے تاہم چونکہ کشیدگی ہنوز برقرار ہے اس لئے کرفیو کو برقرار رکھا گیا ہے۔

Kishtwar violence: Curfew imposed in Udhampur; situation tense in Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں