India Celebrates Eid-ul-Fitr
ہندوستان بھر میں جمعہ کو تہوار کا سماں دیکھنے میں آیا جیسا کہ کروڑوں مسلمانوں نے مساجد اور عیدگاہوں میں نماز ادا کی، ایک دوسرے کو مبارکباد اور تحائف پیش کرنے کے ساتھ عید کا روایتی معانقہ کئے اور دوستوں اور فیملی کے ساتھ عید کی خوشیوں میں حصہ لیا۔ قومی دارالحکومت میں وزیراعظم منموہن سنگھ اور ان کی شریک حیات گرشرن کور نے نائب صدر حامد انصاری کی قیامگاہ پہنچ کر انہیں عیدکی مبارکباد پیش کی جو مقدس ماہ رمضان کے اختتام کا نقیب ہوتی ہے۔ بعض علاقوں میں ابر آلود موسم اور کہیں کہیں بارش کے باوجود شہر میں تاریخی جامع مسجد، فتح پوری مسجد، حضرت نظام الدین اور دیگر مساجد میں ہزاروں لوگوں نے اپنے بہترین لباس میں حاضر ہوکر نماز عید ادا کی۔ لوگوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور "عیدمبارک" کہا، تحفوں کا تبادلہ کیا اور خصوصی پکوانوں کا لطف لیا۔ بالخصوص سیویں سے بنا شیرخورمہ اور مختلف اقسام کی بریانی اور کباب وغیرہ۔ بڑے لوگوں نے بچوں کو ’عیدی،۔ لوگوں نے اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور بازاروں میں تہوار کی رونق دکھائی دی جبکہ مسکینوں کو خیرات دینے کا سلسلہ جاری رہا۔ ملک بھر میں مساجد اور عیدگاہیں امت محمدیﷺ کے پروانوں سے کچھا کچھ بھری نظر آئیں جہاں قائدین بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوئے۔ جموں و کشمیر میں چیف منسٹر عمر عبداﷲ اور ان کے والد مرکزی وزیر برائے نئی اور قابل تجدید توانائی فاروق عبداﷲ نے درگاہ حضرت بلؒ میں نماز ادا کی، جہاں 60,000 لوگوں کا سب سے بڑا اجتماع رہا۔ پانچ ہندوستانی سپاہیوں کی حالیہ ہلاکت کے پیش نظر ہند۔ پاک کشیدگی کے باوجود بی ایس ایف اور پاکستان رینجرز نے جموں کے آر ایس پورہ میں آکٹر وئے پوسٹ اور پنجاب میں اٹاری/واگھا جوائنٹ چیک پوسٹ پر مٹھائیوں کا تبادلہ کیا۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاریر اور صدر کانگریس سونیاگاندھی نے عیدالفطر پر عوام کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ تہوار تمام مذاہب میں اتحاد اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب پر فخر کا احساس پیدا کرے گا۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے کولکتہ کے مرکزی علاقے میں ریڈ روڈ پر عید کے سب سے بڑے اجتماع میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست میں اقلیتوں کے اعلیٰ تعلیم میں ریزرویشن کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے ٹوئٹر کے ذریعہ اپنی مبارکباد کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے عید کے موقع پر عوام کو مبارکباد دینے کیلئے کئی مقامات کا دورہ کیا اور ریاست کی ترقی کیلئے دعا کی۔ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے بھی بھوپال کی عیدگاہ میں ٹوپی پہن کر عوام کو مبارکباددی۔ جنوب میں سینکڑوں مسلمان چینائی میں نماز کیلئے ماؤنٹ روڈ پر واقع مشہور درگاہ میں جمع ہوئے۔ گورنر ٹاملناڈو کے روشیا، چیف منسٹر جیہ للیتا اور ڈی ایم کے صدر کروناندھی نے عوام کو مبارکباد پیش کی۔ کیرالا میں مسلمانوں نے سعودی عرب کی تقلید میں جمعرات کو ہی عیدالفطر منالی تھی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں