طالبان کے خلاف لڑائی جاری رہے گی - امریکہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-02

طالبان کے خلاف لڑائی جاری رہے گی - امریکہ

امریکہ نے آج کہا ہے کہ طالبان کے خلاف لڑائی جاری رہے گی تاہم افغان مسئلہ کا سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔ سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج یہ بات بتائی اور انہوں نے امریکی ڈرون حملوں کے بارے میں پاکستان کی تشویش کو مسترد کردیا۔ جان کیری نے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے بات چیت اور فوجی راستہ دونوں جاری رہیں گے۔ انہوں نے پاکستانی علاقوں میں امریکی ڈرون حملے روکنے کا وعدہ کرنے سے انکارکیا اور اس تاثر کو بھی تسلیم کیا کہ ڈرون حملے پاکستان کی یگانگت کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ یاد دلانا چاہیں گے کہ بعض لوگ جیسے القاعدہ لیڈر ایمن الظواہری خود اس ملک کی یگانگت کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ وہ مساجد میں عوام پر حملے کرتے ہیں اور دیہاتوں، بازاروں میں بم دھماکوں کے ذریعہ عوام کو ہلاک کرتے ہوئے ملک کی یگانگت کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے باہمی روابط میں ڈرون حملوں کی وجہہ سے کسی قدر تلخی آگئی تھی اور اسلام آباد میں ان حملوں کو نامناسب قرار دیاتھا۔ پریس کانفرنس سے پہلے امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف، بری فوج کے سربراہ اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر قیادت سے ملاقات کی تھی۔ سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان امریکہ کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکی مارکٹوں تک بہتر رسائی اور براہ راست امریکی سرمایہ کاری بھی چاہتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی اسلام آبادمیں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ امریکی وزیر خارجہ جب وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو نواز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمان وزیر کے ہمراہ ان کے وفد کے ارکان بھی موجود ہیں۔ دونوں قائدین کے درمیان دوبدو ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال خصوصاً افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر بات چیت کی گئی۔ جان کیری نے صدر بارک اوباما سے بات چیت کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو امریکہ مدعو کیا۔ اس طرح اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے 2سال بعد دونوں ممالک کے سربراہان کی راست بات چیت کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔ جان کیری نے بتایاکہ انہوں نے صدر کی جانب سے دعوت نامہ نوازشریف کو پیش کیا ہے۔

In Pakistan, John Kerry takes tough line on Taliban talks, drone attacks

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں