اردو کمنٹری کے بانی منیر حسین کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-02

اردو کمنٹری کے بانی منیر حسین کا انتقال

Munir Hussain
اردو کمنٹری کے بانی منیر حسین انتقال کر گئے۔ منیر حسین اپنی ذات میں ایک ادارہ تھے۔ کرکٹ کے شیدائی تھے ۔ ان کا نام پاکستان کی کرکٹ کاایک مستند اور جامع حوالہ ہے۔ کمنٹری کو "رواں تبصرہ" کا نام انہوں نے ہی دیا۔ کرکٹ کے حوالے سے جنگ اخبار سے بھی ان کی وابستگی رہی۔ لوگ انہیں کرکٹ کی اردو کمنٹری کا بانی ہی نہیں کہتے بلکہ کرکٹ پر ایک باقاعدہ رسالے اور اخبارات میں اسپورٹس کے صفحہ کا بانی بھی سمجھتے ہیں۔ پاکستان میں اسپورٹس اور اسپورٹس سے وابستہ افراد اور کھلاڑیوں کو ان کا احسان مند ہونا چاہئے۔ اخبارات میں ان کے مضامین اور کرکٹ کے رواں تبصرے ہمیشہ پاکستان میں کرکٹ کی مقبولیت بڑھاتے رہے۔ رواں تبصرے میں جزئیات کا خاص خیال رکھتے اور اتنی شاندار منظر کشی کرتے کہ گھر میں بیٹھا ہوا سامع خود کو گراؤنڈ میں بیٹھا ہوا محسوس کرتا اور کمنٹری کرتے ہوئے ان کی آواز کا اتار چڑھاؤ کھیل کے اتار چڑھاؤ کو اتنا واضح کرتا کہ سننے والا کھیل میں ڈوب کر رہ جاتا۔ ان کا شاندار رواں تبصرہ سننے کے لئے شائقین کرکٹ ان کے سیشن کا انتظار کرتے اور جیسے ہی انگریزی کی کمنٹری کے بعد ان کی باری آتی لوگ ریڈیو کی آواز اونچی کر دیتے۔
منیر حسین نے اپنے رسالے کے ذریعے پاکستان کرکٹ کی بے انتہا خدمت کی۔ کئی کھلاڑیوں کو سپر اسٹار بنوانے میں ان کے رسالے اور ان کے کئے گئے انٹرویوز نے اہم کردار ادا کیا۔ کھلاڑیوں کی فل اسکیپ سروق تصاویر، ان کے خاندانی پس منظر کی تفصیلات، اور میدان میں کارکردگی کی اتنی بھرپور کوریج کرتے کہ وہ کھلاڑی راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جاتا۔ آج منیر حسین ہم میں نہیں رہے۔ اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ پاکستان میں کھیلوں اور خصوصا کرکٹ میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گی۔

Founder of urdu cricket commentary Munir Hussain is no more

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں