مذکورہ بالا دن متعدد تقریبات کی تکرار اور زبردست بارش کی یلغار کے باوجود اگر چہ تلجلہ ، ہسٹنگس اور خضر پور تو کیا مٹیا برج سے بھی ممبروں کے علاوہ دیگر صاحب ذوق افراد نے شرکت فرمائی لیکن جلسے کی کاروائی قدرے تاخیر سے شروع ہونے اور پڑھنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب وقت کی کمی نے تاثرات کا دور حسب روایت خاطرخواہ طور پر چلنے نہیں دیا بلکہ صرف صدر جلسہ کی آراء پر اکتفا کرنا پڑا جنہوں نے اپنی مقالہ خوانی سے قبل فرمایا کہ خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے یہ کرم کیا کہ مجھے مکرم سے ملوا دیا ۔ میں پورا اتفاق کرتا ہوں محترمہ عرش منیر سے کہ آج کل اردو دنیا میں کس قدر بے ایمانی ، دھاندلی اور حق تلفی رائج ہو گئی ہے ۔ آپ نے پڑھنے والوں کے یہاں تلفظ کی بعض خامیوں کی نشاندہی کی ۔ انگریزی کے لفظ Quote & Unquote کی جگہ قول اور حول پڑھنے کی تاکید کی ۔ شگفتہ یاسمین غزل کو مشورہ دیا کہ عام موضوعات پر قلم نہ اٹھائیں ویسے انھوں نے اشعار بر محل اور موزوں رقم کئے ہیں ۔ تفضل حسین کے افسانے پر مختصر تبصرہ کیا اور جاوید کے افسانے کی تعریف کی ۔ عرش منیر کی اس بات سے اتفاق ظاہر کیا کہ ان دنوں لوگوں کو تاحیات خدمات کا ایوارڈ دینا ایک فیشن بن گیا ہے ۔ تبصرہ نگار کسی افسانہ نویس کو پریم چند سے بڑا بنا دیتا ہے تو کسی شاعر کو غالب کا ہم پلہ ۔ فرح عندلیب کے مقالے کے علاوہ ان کی مقالہ خوانی کی بھی تعاریف کی اور کہا اگر چہ عام طور پر حیدرآبادیوں کے لیے ق کو خ اور خ کو ق پڑھنے کا رواج ملتا ہے لیکن عندلیب سے کہیں بھی ایسی بدعت نہیں ہوئی ۔ محمود یٰسین صاحب سے معذرت چاہتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کی افسانہ خوانی کے وقت وہ کسی اور خیال میں کھو چکے تھے ۔
مکرم صاحب کے بارے میں کچھ کہنے سے قبل کہا کہ بزم نثار والے آپ پر نثار ہیں ۔ آپ نے اپنے مقالے کے توسط سے ایسی ایسی باتیں بتائیں اور سنائیں ہیں جن کی نہ صرف آج سخت ضرورت ہے بلکہ یہ ایسی گراں قدر پیش کش ہے کہ جس کے لیے اردو کے تمام ادباء ، شعراء اور ناقدین کو چاہیے کہ آپ کو سلام کریں ۔ امید کرتا ہوں کہ اردو دنیا میں مکرم صاحب کا نام مقدم ہو جائے ۔ آپ نے فرمایا جب سے بزم نثار قائم ہوئی ہے لوگ اس کی جانب متوجہ ہورہے ہیں اور وہ لوگ بھی نثر لکھنے لگے ہیں جنہوں نے اس کی طرف یکسوئی سے توجہ مبذول نہیں کی تھی ۔ انہوں نے بزم نثار اور ایران سوسائٹی کی جانب سے دونوں اداروں کی چند مخصوص مطبوعات مکرم نیاز کی خدمت میں پیش کیں ۔ آخر میں بزم کے معتمد مشتاق مشفق نے جملہ حاضرین جلسہ بالخصوص مہمان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح رات دس بجے جلسہ اپنے اختتام تک پہنچا ۔
Bazm-e-Nassaar Eid milan literary session at kolkata
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں