عام ہڑتال پر سیما آندھرا ملازمین کو ہائیکورٹ کی سرزنش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-08-22

عام ہڑتال پر سیما آندھرا ملازمین کو ہائیکورٹ کی سرزنش

آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے آج سیما آندھرا کے سرکاری ملازمین کو زبردست ڈانٹ پلائی۔ ہائی کورٹ نے ریاست کی تقسم کے مسئلہ پر جاریہ ہڑتال کے بارے میں سرکاری ملازمین کی سرزنش کی۔ عدالت نے ملازمین سے استفسار کیا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ سرکاری ملازم برقرار رہتے ہوئے وہ ایک سیاسی تحریک میں کس طرح حصہ لے سکتے ہیں۔ چیف جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا اور جسٹس کے سی بھانو پر مشتمل عدالت کی ایک ڈویژن بنچ نے تاثر پیش کیا کہ ہڑتال سے عوام کو انتہائی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ڈویژن بنچ نے ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے، جو ہڑتال کو غیر قانونی قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے داخل کی گئی، آندھراپردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن اور سکریٹریٹ ایمپلائز فورم کو ہدایت دی کہ وہ پیر تک اپنا جواب داخل کریں۔ واضح ہوکہ ریاست کی تقسیم کے فیصلہ کے خلاف آندھرا میں زائد از 4لاکھ سرکاری ملازمین 13 اگست سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر ہیں۔ وہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ علیحدہ تلنگانہ تشکیل دینے کا فیصلہ واپس لے لیا جائے۔ اسی دوران سکریٹریٹ کے سیما آندھرا ملازمین نے 2 اور 3 ستمبر کی نصف شب سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں آج چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی کو نوٹس بھی حوالے کردی۔ سیما آندھرا ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت نے ریاست کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ تشکیل دینے کا فیصلہ عجلت میں کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اچانک کیا گیا فیصلہ پوری طرح یکطرفہ ہے۔ اس فیصلہ کے انتہائی سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ نقصان سیما آندھرا ملازمین اور ان کے ارکان خاندان کو اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے بتایاکہ ان کا خاندانی نظام، حقوق، مالیاتی موقف اور عام زندگی اس فیصلہ سے متاثر ہوجائیں گے۔ نوٹس پر اے پی سکریٹریٹ سیما آندھرا فورم کے صدرنشین یو مرلی کرشنا اور دیگر 6 اعلیٰ عہدیداروں کے دستخط بھی موجود ہیں۔

Andhra court pulls up striking Seemandhra employees

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں