نئی دہلی۔
(یو این آئی / پی ٹی آئی)
ملک کی 29 ویں ریاست کی حیثیت سے تلنگانہ کی تشکیل آج تقریباً ایک حقیقت بن گئی۔ صدرنشین یوپی اے و صدر کانگریس سونیا گاندھی نے پارٹی کی صفوں میں دباؤ اور جوابی دباؤ کا عزم و ہمت کے ساتھ سامنا کرتے ہوئے حکمراں یوپی اے میں شریک تمام جماعتوں کی تائید حاصل کرلی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے زائد ایک گھنٹہ طویل اجلاس کے بعد قرارداد میں کہا گیا ہے کہ "ایک مقررہ مدت میں دستور کے مطابق ایک علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے اقدامات کیلئے مرکزی حکومت سے درخواست کرنے کا عزم کیا گیا ہے"۔ کانگیس نے مرکزی حکومت سے سفارش کرنے کا بھی فیصلہ کیا کہ حیدرآباد کو 10سال کیلئے نئی مجوزہ ریاست کا اور دیگر علاقوں یعنی رائلسیما اور ساحلی آندھرا کا دارالحکومت بنایا جائے۔ ملک کی اس 29 ویں ریاست کی تشکیل کے لئے سی ڈبلیو سی اور یوپی اے کا یہ یادگار فیصلہ گذشتہ زائد از ایک ہفتہ سے جاری طوفانی مشاورت کے بعد کیاگیا۔ اگرچہ اس تاریخی فیصلہ سے دیگر نئی ریاستوں جیسے بوڈو لینڈ، گورکھا لینڈ اور ودربھا کے مطالبات کا پٹھارہ کھل سکتاہے، کانگریسی قیادت نے اس حقیقت کا اظہار پسند کیا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ آندھراپردیش کے علاقہ تلنگانہ کے 10اضلاع پر مشتمل ایک نئی ریاست کی تشکیل کیلئے یوپی اے کی رابطہ کمیٹی کی متفقہ منظوری کے تھوڑی ہی دیر بعد کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اس فیصلہ کو قبول کرلیا۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آرایس) نے جو ریاست تلنگانہ کیلئے تحریک کی قیادت کرتی آرہی ہے، فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے تاہم اس پارٹی کے لیڈر کے راما راؤ نے کہاکہ "کوئی جشن منانا بھی قبل ازوقت ہے۔ ہم پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی پیشکشی کا انتظار کرنا پسند کریں گے"۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ کانگریس نے آئندہ لوک سبھا انتخابات پر نظر رکھتے ہوئے علیحدہ شدہ وائی ایس آر کانگریس کے اثر کو زائل کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل پر یوپی اے کی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد کانگریس کے ایک سینئررہنما نے کہاکہ "تلنگانہ کیلئے ریاست کا موقف، میڈم کا وعدہ تھا۔ یہ وعدہ انہوں نے جاریہ سال کے اوائل میں اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر کیا تھا اور اب انہوں نے اس وعدہ کی تکمیل کردی ہے"۔ آثار و قرائن سے پتہ چلتا ہے کہ کانگریس، تلنگانہ کو، سنکراتی کے تحفہ کے طورپر اس علاقہ کے عوام کو پیش کرنا چاہتی ہے۔ اس علاقہ پر کبھی نظام کی حکومت تھی۔ پونگل تہوار، جنوری میں منایا جاتاہے۔
Author Details
Templatesyard is a blogger resources site is a provider of high quality blogger template with premium looking layout and robust design. The main mission of templatesyard is to provide the best quality blogger templates which are professionally designed and perfectlly seo optimized to deliver best result for your blog.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں