رائے بریلی میں قومی شہری ہوابازی یونیورسٹی کے قیام کو منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-12

رائے بریلی میں قومی شہری ہوابازی یونیورسٹی کے قیام کو منظوری

مرکزی کابینہ نے آج اترپردیش رائے بریلی ٹاون میں ایک قومی شہری ہوابازی یونیورسٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے جو راجیو گاندھی نیشنل ایویشن یونیورسٹی سے نام سے قائم کی جائے گی اور اسے مرکزی یونیورسٹی کی حیثیت حاصل رہے گا۔ کابینہ نے پارلیمنٹ میں راجیو گاندھی نیشنل ایویشین یونیورسٹی بل 2013ء پیش کرنے اور وائس چانسلر کا عہدہ قائم کرنے کی تجویز کو بھی منظوری دے دی ہے۔ وائس چانسلر کا انتخاب سرچ اینڈ سلکشن کمیٹی (ایس ایس سی) کے ذریعہ کیا جائے گا جو کابینی سکریٹری کے تحت ہوگی۔ اس میں وزارت شہری ہواز بازی پرسونل اور ٹریننگ کے نمائندوں کے علاوہ وزارت فروغ انسانی وسائل کے نمائندے بھی شامل رہیں گے۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق کابینہ نے رائے بریلی میں حواتین کی قومی یونیورسٹی قائم کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے تاکہ خواتین کی ہمہ جہتی ترقی کی راہ ہموار کی جاسکے اور خواتین کو بااختیار بنانے مرکز کی کوششوں میں مدد کی جاسکے۔ مرکز، ضامن روزگار بنیادی کورسس اور اعلیٰ سطحی ریسرچ تک خواتین کو عظیم تر رسائی فراہم کرتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے کا خواہاں ہے۔ اس یونیورسٹی کو اندرا گاندھی نیشنل یونیورسٹی فار ویمن کانام دیا جائے گا جو صرف خواتین کیلئے قائم کی جانے والی پہلی یونیورسٹی ہوگی۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں اندرا گاندھی نیشنل یونیورسٹی برائے خواتین بل 2013ء پیش کیا جائے گا۔ بارہویں پنچ سالہ منصوبہ کے تحت اس پر 500کروڑ روپے کے مصارف آئیں گے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق کابینہ نے بنیادی 100کروڑ روپئے کے سرمایہ سے نیشنل کیپٹل ریجن ٹرانسپورٹ کارپوریشن لمیٹیڈ اور ریجنل ریاپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم قائم کرنے کو منظوری دے دی ہے تاکہ این سی آر ٹاونس تک آرام دہ اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ فراہم کیا جاسکے اور ٹرانسپورٹ کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کی جاسکے۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر منیش تیوار نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ کابینہ نے دہلی رینٹ کنٹرول ایکٹ کی تنسیخ سے متعلق سفارش پر فیصلہ لیا ہے جس کی دارالحکومت میں دکاندار اور کرایہ دار سخت مخالفت کررہے ہیں ۔کابینہ نے ایس ٹی طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے مرکزی سیکٹر کی اسکالرشپ اسکیم کے تحت خاندان کی مجموعی آمدنی کی بالائی حد موجودہ 2لاکھ سے بڑھاکر سالانہ4.5 لاکھ روپے کرنے کی تجویز منظور کرلی۔ اس کا اطلاق تعلیمی سال 2013-14 سے ہوگا۔ تمام وسائل سے سالانہ مجموعی خاندانی آمدنی کی بالائی حد میں اضافہ سے زیادہ تعداد میں ایس ٹی طالب علموں کو اس اسکیم سے فیض اٹھانے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ اعلی اور تکنیکی تعلیم حاصل کرنے کے آرزو مند ایس ٹی طلبہ کو بڑی ترغیب حاصل ہوگی۔ اس فیصلہ پر کوئی اضافی خرچ نہیں ہوگا۔ اس اسکیم پر نظر ثانی کی وجہہ سے جو خرچ آئے گا اس ہرسال کے موجودہ بجٹ سے ہی پورا کیا جائے گا۔ مرکزی کابینہ نے قومی دارالحکومت خطہ ٹرانسپورٹ کارپوریشن لمیٹیڈ قائم کرنے کی تجویزکو منظوری دیدی ہے۔ اس کارپوریشن پر شروع میں 100 کروڑ روپے کا سرمایہ لگایا جائے گا جس کے ذریعہ قومی دارلاحکومت خطہ کے علاقوں میں آرام دہ اور تیز رفتار ٹرانسپورٹ نظام قائم کیا جائے گااور وہ ٹرانسپورٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ دور کرنے میں معاون ہوگا۔ کمپنی ایکٹ 1956ء کے تحت 100 کروڑ روپئے کی رقم علاقائی تیز رفتار ٹرانسپورٹ سسٹم کا ذیزائن تیار کرنے، بنانے، نافذ کرنے، اس کی مالی اعانت اور چلانے پر لگائی جائے گی جس میں وزارت شہری ترقیات، وزارت ریلوے، این سی آر پلاننگ بورڈ، قومی دارالحکومت خطہ دہلی، ہریانہ ، راجستھان اور اترپردیش کی حکومتیں پیسہ لگائیں گی۔ یہ طئے کیا گیا ہے کہ جس طرح دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے ڈیزائن، تعمیر، آپریشن اور مینٹیننس کا کام کیا جارہاہے اسی طرح علاقائی تیز رفتار ٹرانسپورٹ کا کام بھی کیا جائے گا۔ اس ٹرانسپورٹ نظام کی حقیقی لاگت، فائناننسگ منصوبہ علاقائی تیز رفتار ٹرانسپورٹ نظام کی لانچمنٹ، زمین کی ڈیولپمنٹ، آنے جانے کی سہولت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ترقی کی مالی اعانت کو مستحکم کیا جائے گا اور ہر راہداری کیلئے تجویزوں کو پروسس کیا جائے گا۔

Cabinet approves setting up of National Aviation University at Rae Bareli

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں